چیف منسٹر ٹاسک فورس آج سے تعلیمی بورڈز کا آڈٹ شروع کرے گی، ملازمین نے خودمختاری پر حملہ قرار دے دیا
امتحانات کو شفاف بنانے کے لئے چیف منسٹر ٹاسک فورس قائم ،آج سے بورڈز کی اسسمنٹ شروع ہوگی، یونینز نے بورڈز کی خود مختاری پر پہلا حملہ قرار دےدیا، احتجاج کی تیاریاں
تفصیل کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے ٹاسک فورس قائم کردی جو تمام بورڈز کے امتحانی سسٹم کا جائزہ لیکر رپوٹ تیار کریں گے اور خامیوں کی نشاندہی کریں گے۔
ٹاسک فورس میں مزمل محمود، ماہر تعلیم چیئر پرسن ہوں گے جبکہ سپیشل سیکرٹری سکول ایجوکیشن، سپیشل سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن، مینیجنگ ڈائریکٹر، پنجاب کریکلم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ چیف ایگزیکٹو آفیسر، پنجاب ایگزامینیشن کمیشن، سیکرٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور ممبر/ سیکرٹری ہوں گے۔
یہ ٹاسک فورس پنجاب ایگزامینیشن کمیشن اور بورڈز آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے موجودہ اسسمنٹ/امتحانی عمل کا جامع جائزہ لے گی اور اس کی کامیابی اور ناکامی بارے رپورٹ تیار کرے گی۔
فورس موجودہ نظام کی خوبیوں، کمزوریوں اور خامیوں کی نشاندہی کرے گی ۔موجودہ نظام کا موازنہ آغا خان بورڈ، کیمبرج سسٹم اور دیگر صوبوں وغیرہ کے اختیار کردہ دیگر متوازی نظاموں سے کرے گی۔
مجوزہ نظام کے ممکنہ فوائد کی نشاندہی کرتے ہوئے جامع فریم ورک اور مداخلت کی سفارش کریں، فورس پی بی سی سی کے تحت تجویز کیے جانے والے امتحانی نظام/تشخیص کے انضمام کے حوالے سے طریقہ کار اور طریقہ کار تجویز کرے گی، ٹاسک فورس کو سیکرٹری اور لاجسٹک سپورٹ لاہو بورڈ فراہم کرے گا۔
اس سلسلے میں آج 15 جولائی سے ٹاسک فورس کام شروع کرے اور لاہور بورڈ سے رپورٹس طلب کرلی گئیں جبکہ 18جولائی کو گوجرانوالہ، ساہیوال اور فیصل آباد کی اسسمنٹ ہوگی۔ 22 جولائی کو ملتان ،ڈی جی خان 23 جولائی کو بہاولپور، سرگودھا اور راولپنڈی بورڈ کی اسسمینٹ ہوگی۔
بورڈز کی ایمپلائز یونینز نے اس مجوزہ فورس اور اسسمینٹ شیڈول کو بورڈز کی خودمختاری پر پہلا حملہ قرا ر دے دیا، چیئرمین ایمپلائز ایسوسی ایشن ملک نثار کا کہنا ہے کہ حکومت بورڈز کی خودمختاری ختم کرکے ایک بورڈ بنانے کی کوشش کررہی ہے، جس کو ناکام بنادیا جائے گا۔
پوری دنیا میں اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کیا جاتا ہے مگر پنجاب میں الٹی گنگا بہ رہی ہے۔
پنجاب کے بورڈز کی شاندار کامیابی اور معیاری امتحانی نظام مافیا کی نظروں میں کھٹکتا ہے اس لئے ون بورڈ کا شوشہ چھوڑا گیا ہے، جلد ہی ایک احتجاجی کال دی جائے گی۔