کالج اساتذہ کی کارکردگی کو جانچنے کےلئے مانیٹرنگ نظام اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ
سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب محمد الطاف بلوچ نے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیمی اہداف حاصل کرنے کے لیے دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے بہترین خدمات مہیا کی جائیں، کالجز میں اساتذہ کی کاکردگی کو جانچنے اور اس میں بہتری لانے کے لیے کوارڈی نیشن اور مانیٹرنگ نظام کو مزید بہتر بنایا جائے، وہ رحیم یار خان کے دورے کے دوران گورنمنٹ خواجہ فرید پوسٹ گریجوایٹ کالج میں بہاول پور ڈویژن کے تعلیمی افسران اور کالج کے مختلف شعبہ جات کے سربراہان سے خطاب کر رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں ۔
کالج لرننگ منیجمنٹ سسٹم سے تعلیمی معیار اور سٹاف کی کارکردگی کو جانچنے میں مدد ملے گی:سیکرٹری ایچ ای ڈی
اس موقع پر ڈائریکٹر کالجز بہاول پور ڈویژن پروفیسر محمد ابراہیم، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز رحیم یار خان سعدیہ رشید، پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود اور کالج کے مختلف شعبہ جات کے سربراہان سمیت دیگر افسران اجلاس میں شریک تھے۔
سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن محمد الطاف بلوچ نے کہا کہ بہاول پور کے ڈویژنل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (کالجز) اپنے انتظامی دفاتر، ایسوسی ایٹ کالجز، ڈگری کالجز اور کامرس کالجز میں خالی اور پُر شدہ اسامیوں کی مکمل معلومات اور طلباء کی انرولمنٹ کے حوالے سے تفصیلات محکمہ ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب کو فراہم کریں، جن کی روشنی میں کالجز میں تعلیمی سہولیات کی بہتری اور سٹاف کی کمی دور کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے افسران سے کہا کہ تمام غیر رجسٹرڈ نجی کالجوں کے خلاف فوری طور پر کارروائی کر کے روزانہ کی بنیاد پر محکمہ ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب میں رپورٹ پیش کی جائے۔
سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ زیر التوا اے سی آرز، پروموشن اور پنشن کیسز جلد از جلد مکمل کیے جائیں، جبکہ ڈی پی سی کے تعطل شدہ کیسز کو بھی جلد کلیئر کرایا جائے۔
اجلاس میں سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب کو ترقیاتی سکیموں پر بھی بریفنگ دی گئی، اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری نے کہا کہ تمام جاری اسکیموں پر کام کی رفتار تیز کی جائے، تعمیراتی کام کا معیار چیک کیا جائے، سوئچ بورڈز، سینیٹری کے سامان کی تنصیب اور دروازوں وغیرہ کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتا نہ کیا جائے۔
اجلاس میں سٹاف کی کمی، ناکافی بجٹ، فرنیچرز اور کمپیوٹر لیبز کی کمی کے مسائل پر قابو پانے کے لیے لائحہ عمل تشکیل دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
رحیم یار خان کے دورے کے موقع پر سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی رحیم یار خان کا بھی وزٹ کیا ، اور آئی ٹی ماہرین سے جنوبی پنجاب کے کالجز کے لیے وضع کردہ لائبریری منیجمنٹ، یومن ریسورسز، اٹینڈینس منیجمنٹ، اکیڈمک منیجمنٹ اور ڈیجیٹل کلاس رومز کی تشکیل سمیت مختلف ماڈیولز بارے تبادلہ خیال کیا۔