توانائی اور ماحولیاتی ترقی میں عالمی چیلنجوں بارے کانفرنس شروع

ویمن یونیورسٹی ملتان میں شعبہ فزکس کے زیر اہتمام دوسری توانائی اور ماحولیاتی ترقی میں عالمی چیلنجوں بارے کانفرنس شروع ہوگئی ،تین روز کانفرنس کا افتتاح رجسٹرار ڈاکٹر قمر نے کیا ، کانفرنس میں 12غیر ملکی مقررین سمیت ملک بھر سے ماہرین اپنے ریسرچ مقالے پیش کریں گے۔
افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے رجسٹرار ڈاکٹر قمر رباب نے کہا کہ دنیا بھر میں صنعتوں میں استعمال ہونے والی انرجی اور گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کو کم کرنے کے لیے روایتی ایندھن اور توانائی کے ذرائع کے متبادل پر غور ہورہا ہے ۔
کارکردگی اور پیداواری صلاحیت کی اعلیٰ ترین سطحوں کو برقرار رکھتے ہوئے ماحولیاتی اور کاروباری پائیداری حاصل کرنے کی کوشش ہورہی ہے، سائنس دان ایسے حل فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں، اور پر عزم ہیں جو ان کی توانائی اور لائف سائیکل ویلیو اہداف کو پورا کرتے ہیں۔
دوسری طرف گلوبل وارمنگ یا عالمی حدت ہمارے سیارے پر زندگی کے لیے خطرہ ہے، اور یہ چیلنجز سرحدوں کو نہیں پہچانتے ’ہمارا مقصد پائیدار ترقی ہے اور اس کے حصول کے لیے ایک جامع طریقہ کار ہونا چاہیے جو دنیا بھر میں موجود مختلف پیشرفت اور حالات سے مطابقت رکھتا ہو۔
ویمن یونیورسٹی نے معاملے کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے اس کانفرنس کو اپنے کلینڈر میں شامل کیا ہے ۔خوشی ہے کہ ہم اس سلسلے کی دوسری کانفرنس منعقد کرنے جارہے ہیں، جس کے لئے شعبہ فزکس مبارکباد کا مستحق ہے۔
اذ
نہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کی اصل وجہ گلوبل وارمنگ، خام تیل کے جلائے جانے کا عمل اور صنعتوں سے خارج ہونے والی نقصان دہ گیسوں کا اخراج ہے، جو دراصل ماحول کے درجہ حرارت میں اضافہ کا سبب بھی بن رہے ہیں، جس سے تباہی کی بڑھتی جارہی ہے ملک میں آنے والا حالیہ سیلاب اس کا شاخسانہ ہے اور ترقی یافتہ ممالک نے اپنی لاپروائی کو تسلیم کیا ہے اور پاکستانی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے مگر یہ بہت کم ہے۔
ماحولیات کے بگڑے ہوئے سسٹم سے تباہی بہت بڑی ہے اور آنے والے دنوں میں مسائل میں اضافہ ہوگا ، اس لئے اس کانفرنس کی اہمیت اور بڑھ گئی ہے امید کرتے ہیں اس کانفرنس کے نتائج دور رس ثابت ہوں گے۔
کانفرنس سے ڈاکٹر افتخار احمد ، ڈاکٹر نجم الحسن ڈاکٹر زاہد عمران ڈاکٹر حسین ڈاکٹر سید رضوان ڈاکٹر سجاد ڈاکٹر جولین برنلٹ ڈاکٹر نواز شریف ڈاکٹر کامران امین ڈاکٹر عصیر نے بھی خطاب کیا، اور اپنے مقالے پیش کئے۔
آخر میں رجسٹرار ڈاکٹر قمر رباب نے مہمانوں کو شیلڈ سے نوازا ، اس کانفرنس کی فوکل پرسن ڈاکٹر ملکہ رانی اور ڈاکٹر ثمرہ اشرف ہیں۔