"کمیونٹی میں جرائم کی روک تھام میں پولیس کا کردار” کے موضوع پر سیمینار

ایمرسن یونیورسٹی ملتان کے شعبہ سوشل اینڈ بیہیورل سائنسز کے زیر اہتمام "کمیونٹی میں جرائم کی روک تھام میں پولیس کے کردار” کے عنوان سے ایک اہم سیمینار یونیورسٹی کے مرکزی سیمینار ہال میں منعقد ہوا۔
اس سیمینار کا مقصد پولیس اور عوام کے درمیان بہتر روابط، باہمی اعتماد، اور سیکیورٹی کے حوالے سے عوامی شعور اجاگر کرنا تھا۔
سیمینار میں جامعہ کے رجسٹرار ،اساتذہ، طلبہ، اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔
پروگرام کی صدارت شعبہ سوشل اینڈ بیہیورل سائنسز کی سربراہ ڈاکٹر عظمی نیاز نے کی، جب کہ مہمانِ خصوصی کے طور پر ایس ایس پی آپریشنز ملتان، احمد زنیر چیمہ شریک ہوئے۔
ڈاکٹر عظمٰی نیاز نے کہا کہ معاشرتی سطح پر جرائم کی روک تھام صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری نہیں، بلکہ تعلیمی ادارے، طلبہ، اور عام شہری بھی اس عمل کا اہم حصہ ہیں۔ ایسے علمی و فکری اجتماعات معاشرتی شعور بیدار کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ایس ایس پی احمد زنیر چیمہ نے کہا کہ، "پولیس کی کامیابی کا دارومدار عوام کے اعتماد اور تعاون پر ہے۔ ہم نے ملتان پولیس میں عوام دوست پالیسیوں کا نفاذ کیا ہے تاکہ شہری بلا خوف و جھجک پولیس سے رابطہ کر سکیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھا دیا ہے، جن میں خصوصی موبائل ایپلی کیشنز، ہیلپ لائنز، اور ریپڈ ریسپانس سسٹم شامل ہیں، جو جرائم کی فوری اطلاع اور موثر کارروائی میں مدد دیتے ہیں۔
رجسٹرار ڈاکٹر محمد فاروق نے کہا کہ پولیس فورس دن رات عوام کے تحفظ کے لیے کوشاں ہے۔ طلبہ پر زور دیا کہ وہ خود کو معاشرے کی بہتری کے لیے سرگرم رکھیں اور سچائی، دیانتداری اور قانون پسندی کو اپنا شعار بنائیں۔
اس موقع پر ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئر ڈاکٹر قرۃ العین، ڈاکٹر شاہد رفیق، ڈاکٹر احمد وقاص ڈاکٹر قرۃ العین سائیکالوجی ڈیپارٹمنٹ،ڈاکٹر محمد عمران سپرا، ڈاکٹر ماریہ اشرف اور ڈاکٹر رابعہ بھی موجود تھے۔