Breaking NewsEducationتازہ ترین

تعلیم کے شعبے میں اربوں روپے مالیت کے میگا پراجیکٹس پر کام جاری : سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب

سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر جنوبی پنجاب کے تعلیمی انفراسٹریکچر کی اپ گریڈیشن، اور سکولوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقی و معاشرتی تقاضوں کے مطابق تربیت گاہوں میں تبدیل کرنے کے لیے دور رس نتائج کے حامل اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

تعلیم کے شعبے میں اربوں روپے مالیت کے میگا پراجیکٹس پر کام جاری ہے۔

یہ بات انہوں نے سینئر منیجمنٹ کورس کے افسران پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وفد کی قیادت نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ اسلام آباد کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نائلہ جبیں کر رہی تھیں۔

ڈاکٹر احتشام انور نے کہا کہ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب نے طلباء و طالبات کی تعلیمی کارکردگی، امتحانی نتائج، ذہنی و جسمانی صحت اور عمومی رویوں سے باخبر رہنے کے لیے سٹوڈنٹس پرفارمنس ٹریکنگ سسٹم ڈیزائن کیا ہے، اس نظام کی بدولت شفافیت اور میرٹ کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ مستقبل کی تعلیمی منصوبہ بندی میں بھی مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ٹرانس جینڈر سکول، صبح نو سکول، سٹوڈنٹ کونسلوں کی تشکیل اور ان کے انتخابات، فروغ پراجیکٹ، بچوں کی سبز کتاب کی اشاعت، ماہنامہ روشنی میگزین کا اجراء، سکولوں میں ہاکی لیگ اور سکولمپکس کا انعقاد ایجوکیشن سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کے امتیازی اقدامات میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق چیلنجز سے نمٹنے کے لیے نہ صرف تربیت کی جا رہی ہے، بلکہ تعلیمی اداروں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جدید سہولیات سمیت دیگر بنیادی سہولیات سے بھی آراستہ کیا جا رہا ہے۔

سیکرٹری ایجوکیشن نے وفد کو بتایا کہ جنوبی پنجاب میں تعلیم کے شعبے میں اربوں روپے مالیت کے میگا پراجیکٹس پر کام جاری ہے ، جس کی تکمیل کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔

جنوبی پنجاب کی پروفائل بارے سینیر منیجمنٹ کورس کے شرکاء کو آگاہ کرتے ہوئے سیکرٹری ایجوکیشن نے بتایا کہ تین ڈویژنز اور گیارہ اضلاع کے حامل جنوبی پنجاب کی آبادی 3 کروڑ 70 لاکھ نفوس پر مشتمل ہے ، جب کہ اس کا رقبہ 99 ہزار 579 مربع کلومیٹر پر محیط ہے، اس خطے میں سرکاری پرائمری، ایلیمنٹری، سکینڈری اور ہائیر سکینڈری سکولوں کی کل تعداد 17159 ہے، جب کہ آٹھ یونی ورسٹیز اور 211 کالجز اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے کام کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر احتشام انور نے سینئر منیجمنٹ کورس کے افسران پر مشتمل وفد کو بتایا کہ جنوبی پنجاب اولیائے کرام کے مزارات، آثار قدیمہ، فورٹ منرو اور چولستان کی بنا پر منفرد جغرافیہ پر مشتمل ایریا ہے ، اور تاریخی ورثے، کلچر اور منفرد خصوصیات کے پیش نظر یہ خطہ مستقبل میں سیاحت کا مرکز اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے یہ تعمیر و ترقی کی نئی منازل طے کرے گا۔

اس موقع پر سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، اور وفد کو ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے انیشی ایٹیوز بارے ڈاکومنٹریز دکھائی گئیں، سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ کی ڈائریکٹر کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔

اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری (ہائیر ایجوکیشن) عطاء الحق، ایڈیشنل سیکرٹری (سکولز) آغا ظہیر عباس شیرازی، ڈپٹی سیکرٹری خواجہ مظہر الحق اور ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button

پاکستان میں کرونا وائرس کی صورت حال

گھر پر رہیں|محفوظ رہیں