سی ایس ایس امتحان کی تیاری کے لئے سیمینار کا انعقاد

ویمن یونیورسٹی ملتان میں سی ایس ایس امتحان کی تیاری کے لئے سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔
ترجمان کے مطابق ویمن یونیورسٹی اور ’’کیپس‘‘ کے اشتراک سے سی ایس ایس کے امتحان میں کامیابی کے لئے سبجیکٹ کے انتخاب سے لے کر ٹائم مینجمنٹ تک کےلئے سیمینار کا اہتمام کیا گیا جس کی مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر کلثوم پراچہ تھیں۔
مقررین نے اپنے خطابات میں سی ایس ایس امتحان کے مختلف مراحل، مضمون کے انتخاب، نصاب کی تیاری، وقت کے مؤثر استعمال اور انٹرویو کی تیاری سے متعلق جامع رہنمائی فراہم کی۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ویمن یونیورسٹی ملتان کی طالبات میں مقابلے کے امتحانات میں کامیابی کے لیے درکار صلاحیتیں موجود ہیں، اور یونیورسٹی انہیں ہر ممکن رہنمائی اور سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، ایسے سیمینارز نہ صرف طالبات کی علمی استعداد میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ انہیں عملی زندگی میں کامیابی کے لیے تیار بھی کرتے ہیں۔
ویمن یونیورسٹی ملتان اپنی طالبات کو معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ مقابلے کے امتحانات کی تیاری کے مواقع بھی فراہم کر رہی ہے، تاکہ وہ قومی سطح پر قائدانہ کردار ادا کر سکیں مستقبل میں بھی ایسے پروگرامز کا تسلسل برقرار رکھا جائے گا۔
گیسٹ سیپکر سی ایس پی عبدالمعید کانجو نے بتایا کہ سی ایس ایس کےداخلے اکتوبر ، نومبر میں جاتے ہیں، ہر سال اس امتحان کا اعلان بذریعہ فیڈرل پبلک سروس کمیشن کیا جاتا ہے جس میں گریجویشن( آرٹس ، سائنس ، کامرس ، میڈیکل یا انجینئرنگ ) میں سیکنڈ ڈویژن رکھنے والے 21 سے 30 سال کے مرد و خواتین اور خصوصی افراد امتحانات دینے کے اہل ہوتے ہیں ۔ خصوصی افراد کے لیے عمر میں 2 سال کی رعایت ہوتی ہے فروری میں سی ایس ایس کے امتحانات ملک کے تقریباً 19 شہروں جن میں ایبٹ آباد، بہاولپور، ڈی جی خان، ڈی آئی خان، فیصل آباد، گلگت، گوجرانوالہ، حیدرآباد، اسلام آباد، کراچی، لاہور، لاڑکانہ، ملتان، مظفر آباد، پشاور، کوئٹہ ، راولپنڈی اور دیگر شامل ہیں میں منعقد ہوتے ہیں۔
اس سال سے سی ایس ایس کے امتحان میں بہت سی تبدیلیاں کی گئی ہیں ، اب امتحانات سے قبل ایک سکرین آؤٹ ٹیسٹ ہوتا ہے جو 200 نمبر کا ہوگا ہے ۔ جو لوگ اس میں کامیاب ہونگے وہ تحریری ٹیسٹ دے سکیں گے جو 2سو سوالات پر مشتمل ہوگا، جس میں انگلش پاکستان سٹڈیز اسلامیات اور جنرل سائنس+ میتھ میں سے سوالات پوچھے جائیں گے۔
لہذا اب امیدوار جو سی ایس ایس کےامتحانات میں شرکت کرنا چاہتے ہیں اُنہیں پہلے اسکریننگ ٹیسٹ کلیئر کرنا ہوگا۔
سوال و جواب کا سیشن منعقد ہوا، جس میں طالبات نے مقررین سے مختلف سوالات کیے، فوکل پرسن ڈاکٹر عاصمہ اکبر نے کہا کہ مستقل مزاجی، مطالعہ اور خود اعتمادی کامیابی کی کنجی ہیں، ایسے سیمینار طالبات کے لیے رہنمائی کا مؤثر ذریعہ ہیںمستقبل میں بھی اس نوعیت کے علمی و تربیتی پروگرامز کا سلسلہ جاری رہے گا۔




















