ڈی سی او ریلوے کی بڑی کارروائی؛ بغیر ٹکٹ مسافر پکڑے گئے، 46 لاکھ سے زائد جرمانہ وصول

ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے ملتان افتخار حسین کی ہدایت پر ڈویژنل کمرشل آفیسر (ڈی۔سی۔او) پاکستان ریلوے ملتان رملہ شاہد راؤ کی زیرِ نگرانی بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے مسافروں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ڈی۔سی۔او رملہ شاہد راؤ اور ان کے کمرشل گروپ نے گزشتہ تین روز کے دوران مختلف ٹرینوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 3569 بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے مسافروں سے کرایہ و جرمانہ کی مد میں مجموعی طور پر 46,44,600 روپے وصول کر کے قومی خزانے میں جمع کرا دیے۔
ڈی۔سی۔او ریلوے ملتان نے اس دوران مختلف ٹرینوں میں مسافروں کی شکایات بھی موقع پر سنیں اور فوری حل کے احکامات جاری کیے۔
انہوں نے مسافروں سے اپیل کی کہ بغیر ٹکٹ سفر کرنے سے گریز کریں۔
علاوہ ازیں ڈی۔سی۔او رملہ شاہد راؤ نے ملتان اور بہاولپور ریلوے اسٹیشنز پر موجود مختلف اسٹالوں کا معائنہ کیا، جہاں انہوں نے مسافروں کے لیے فراہم کی جانے والی کھانے پینے کی اشیاء کی کوالٹی چیک کی، ناقص معیار پائے جانے پر متعدد اسٹال مالکان پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔
ڈی۔سی۔او رملہ شاہد راؤ نے واضح کیا کہ مسافروں کی سہولت، معیارِ خدمت اور ریلوے کے نظم و ضبط کے معاملے میں کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔




















