Paid ad
Breaking NewsNationalتازہ ترین

نواب مظفر خان سدوزئی شہید ہماری بے حسی کے سبب آج تاریخ میں کھو چکا ہے: مقررین

تاریخ سے نا آشنائی ہمیں جہالت اور لا علمی کے زمانے میں لے جارہی ہے ۔ ٹیکنالوجی جس تیزی سے آگے کی جانب سفر کررہی ہے ، ہم اس سے کہیں تیز رفتاری سے تنزلی کی جانب بڑھ رہے ہیں ۔

اپنی موجودہ نسل کو اپنی تاریخ کے بارے میں آگاہ کرنا اب ہمارا فرض بن چکا ہے ۔ اس فرض کی ادائیگی میں ذرا سی بھی کوتاہی اور کی تو آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی ۔

جس شخص کے نام پر مظفر گڑھ شہر کا نام رکھا گیا ، جس کے والد کے نام سے شجاع آباد شہر منسوب ہے اور جس کی بہن کے نام سے خان گڑھ آباد ہوا، وہ شخص نواب مظفر خان سدوزئی شہید ہماری نا اہلی و بے حسی کے سبب آج تاریخ میں کھو چکا ہے ۔

سابق حاکم مُلتان نواب مظفر خان سدوزئی شہید نے ظلم کے خلاف اپنی اور اپنے خاندان والوں کی جان اللہ کی راہ میں قربان کر کے عملی ثابت کیا ہے کہ حق اور نا انصافی کی جنگ میں حق کا ساتھ دیتے ہوئے سر جھکایا نہیں جاتا بلکہ سینہ تان کر دشمن کا مقابلہ کیا جاتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہارسابق صدر ایوان تجارت و صنعت نواب محمد خان سدوزئی نے روہی ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن مُلتان کے زیر اہتمام نواب مظفر خان سدوزئی شہید فائونڈیشن کے اشتراک سے منعقدہ 204ویں یوم سقوطِ مُلتان و15ویں سالانہ تقریب بیاد سابق حاکم مُلتان نواب مظفر خان سدوزئی شہید سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پردیگر مقررنین ایم احسان خان سدوزئی ، ڈاکٹر فاروق لنگاہ،پروفیسر ڈاکٹر عائشہ ، ملک فیض رسول رجوانہ، شوکت اشفاق اور سلیم نازنے اپنے الگ الگ خطاب میں کہا کہ نواب مظفر خان سدوزئی کی شہادت سے شروع ہونے والا استحصال کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ سرائیکی خطہ کے عوام کو ہمیشہ ٹشو پیپیر کی طرح استعمال کیا گیا ہے۔

یہاں جس نے اپنے حقوق کے لئے موثر آواز بلند کی اس کا انجام بخیر نہیں ہوا۔ ہماری ہی صفوں میں آج رنجیت سنگھ کے ساتھی موجود ہیں جو سال ہا سال سے غداروں سے بھی بدتر کام کررہے ہیں

تقریب سے الگ الگ اظہار خیال کرتے ہوئے شاہد انصاری ، جواد امین قریشی، عرفان الحق حقانی، عامرشہزاد صدیقی اور علی اعجاز نے کہا کہ سابق حاکم مُلتان نواب مظفر خان سدوزئی شہید جدید مُلتان کا بانی حکمران تھا ۔ ہمیں اپنے اکابرین کی قدر کرنا ہوگی ۔

کارڈیالوجی سنٹر مُلتان نواب مظفر شہید کی آبائی رہائش گاہ تھی ، اس کارڈیالوجی سنٹر کو یا ملتان میں جاری دیگر ترقیاتی منصوبوں میں سے کسی ایک کو سابق حاکم مُلتان نواب مظفر خان سدوزئی شہید سے منسوب کیا جائے تاکہ ہم اپنے اسلاف کو خراج عقیدت پیش کر سکیں ۔

تقریب سے طارق فاروق ،اشرف قریشی، عنایت علی قریشی، مس ربعیہ بنت فاروق، تسنیم کوکب، الماس رضوی، یاسمین خاکوانی ، اعجاز رسول، باسط نواز، قاری اقبال، اسحاق خان سدوزئی ، خلیل گجر اور فرحان حقانی نے بھی خطاب کیا ۔ تقریب میں نوجوانوں سمیت معززین شہر کی بڑی تعداد شریک ہوئی ۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button