ریجنل پولیس آفس ملتان میں محکمانہ ترقی کا اجلاس: اسسٹنٹ سب انسپکٹر کی 40 اور سب انسپکٹر کی 12سیٹوں کیلئے غور
ملتان،وہاڑی،خانیوال اور لودھراں کے پولیس افسران کو ترقی دینے کیلئے ریجنل پولیس آفس میں اجلاس ہوا۔
اجلاس کی صدارت ریجنل پولیس آفیسر ملتان رفعت مختار راجہ نے کی۔
اجلاس میں سٹی پولیس آفیسر ملتان خرم شہزاد حیدر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی شاہد پرویز، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خانیوال حافظ عطاء الرحمن اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لودھراں عبدالرؤف بابر نے شرکت کی۔
ملتان ریجن کیلئے ہیڈ کنسٹیبل سے اسسٹنٹ سب انسپکٹر کی40 اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر سے سب انسپکٹر کی12سیٹوں پر ترقی دینے کی منظوری دی گئی۔
اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر کا کہنا تھا کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب راؤ سردار علی کی ہدایت پر ملتان ریجن میں ترقی دینے کے عمل کو تیز کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
یہ ترقیاں خالصتاً میرٹ اور سنیارٹی لسٹ کے مطابق بہترین سروس ریکارڈ رکھنے والے پولیس افسران کو دی جاتی ہیں تاکہ کسی کی حق تلفی نہ ہو۔
اسی طرح خراب سروس ریکارڈ رکھنے والوں کو سنیارٹی میں نظر انداز کر دیا جاتا ہے، محنتی ایماندار اور قابل پولیس افسران کو ترجیحی بنیادوں پر ترقی دی جاتی ہے۔ تاکہ پولیس کا مورال بلند رہے اور وہ محکمانہ امور کو خوش اسلوبی سے سرانجام دیں۔