ملتان : ڈپٹی کمشنر زرعی یونیورسٹی پہنچ گئے
ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو کا دورہ، اس دوران وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ نے پروجیکٹس کے حوالے سے بریفنگ دی، ان ترقیاتی منصوبوں میں گرلز ہاسٹل،سپورٹس کمپلیکس اور جینوم سینٹر شامل تھے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا یہ ویژن ہے کہ پاکستان کی زراعت کے لیے دن رات کام کیا جائے۔ زراعت کی ترقی کے لیے زرعی یونیورسٹیاں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہیں، ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر نے یقین دلایا کہ ان منصوبوں میں جدید ایگریکلچر ریسرچ سینٹر 472ملین لاگت سے اور نئے گرلز ہاسٹل کے لیے 222ملین روپے مختص کیے گئے ہیں، ان پروجیکٹس کے لیے فنڈز جاری کیے جائیں گے تاکہ یونیورسٹی کے طلباء و طالبات ان سہولیات سے جلد از جلد مستفید ہو سکیں۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ نے ڈپٹی کمشنر ملتان کا شکریہ ادا کیا اور 26،27 جولائی کو ہونے والے مینگو فیسٹیول میں شرکت کی دعوت دی جو کہ انہوں نے قبول کر لی۔
اس موقع پر عمران محمود ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور رانا طفیل پروجیکٹ ڈائریکٹر بھی موجود تھے۔