جنوبی پنجاب کے کالجز میں ڈیجیٹل لائبریریاں قائم کرنے کا فیصلہ

محکمہ ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب کا کالجز میں ڈیجیٹل لائبریریاں قائم کرنے کا فیصلہ، کالجز میں تعلیمی معیار کے جائزے اور سٹاف کی کارکردگی کو جانچنے کے لیے "کالج پرفارمنس مانیٹرنگ سسٹم” پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب محمد الطاف بلوچ کے زیر صدارت ایک جائزہ اجلاس ایجوکیشن سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹریز عطاء الحق، طارق محمود، ڈپٹی سیکرٹریز محمد شاہد ملک، محمد عظیم قریشی سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ہائیر ایجوکیشن کے معیار کی بہتری کے لیے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا، اور اہم فیصلے کیے گئے۔
اس موقع پر کالج کی سطح پر ڈیجیٹل لائبریریوں کے قیام کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ ابتدائی طور پر ملتان کے دو گرلز و بوائز کالجوں میں ڈیجیٹل لائبریریوں کا پائلٹ پروجیکٹ شروع کیا جائے گا، اور اس منصوبے کے فوائد و نقصانات کا جائزہ لینے کے بعد اس منصوبے کو جنوبی پنجاب کے تمام کالجوں تک توسیع دی جائے گی۔
اجلاس میں "کالج پرفارمنس مانیٹرنگ سسٹم” پراجیکٹ کے نام سے آن لائن ڈیش بورڈ شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب محمد الطاف بلوچ نے کہا کہ اس میکانزم کی مدد سے محکمہ ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب نہ صرف کالجوں کی کارکردگی کی نگرانی کرے گا ، بلکہ کالج کی سطح پر فراہم کی جانے والی تعلیم کے معیار کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔