ضلعی انتظامیہ ملتان نے پارکنگ مافیا کے خلاف گھیرا تنگ کردیا

ڈپٹی کمشنر ملتان عامر کریم خاں کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے پارکنگ مافیا کے خلاف گھیرا تنگ کردیا ہے۔
اس سلسلے میں شہر کے مخلتف علاقوں اور ہسپتالوں میں شہریوں سے اوور چارجنگ میں ملوث 7 پارکنگ ٹھیکیدار گرفتار کرلئے گئے۔
عوامی شکایات پر اے سی سٹی خواجہ عمیر محمود نے شہر بھر میں چھاپے مارے اور ہسپتالوں اور عوامی مقامات کے پارکنگ سٹینڈز پر اوور چارجنگ پر کارروائی کی۔
اے سی سٹی نے زائد رسیدیں کاٹنے پر اوور چارجنگ ثابت ہوتے ہی موقع پر موجود 7 افراد گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیے، اور انکے خلاف 3 مقدمات بھی درج کردیے۔
اے سی سٹی خواجہ عمیر محمود نے بتاتا کہ مسلسل اوور چارجنگ کی شکایات پر نشتر ہسپتال انتظامیہ کو پارکنگ سٹینڈ کا ٹھیکہ کینسل کرنے کا بھی مراسلہ تحریر کردیا گیا ہے، کیونکہ ڈپٹی کمشنر نے عوام کو لوٹنے والوں کا کڑا احتساب کرنے کا ٹاسک دیا ہے۔
اے سی سٹی نے کہا کہ شہر کے تمام پارکنگ سٹینڈز اور ٹھیکوں کی چیکنگ شروع کی جارہی ہے۔سرکاری پارکنگ ریٹس کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن ہوگا۔
خواجہ عمیر محمود نے کہا کہ عوام اوور چارجنگ کی کسی بھی شکایات پر فوری ضلعی انتظامیہ کو شکایت درج کرائیں۔