پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنانے کا لمحہ آن پہنچا

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ منگل کو سنایا جائے گا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کل کی کاز لسٹ جاری کردی ہے، جس کے مطابق پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ کل صبح بروز منگل صبح10 بجے سنایا جائے گا۔
کیس کا فیصلہ چیف الیکشن کمشنر سلطان سکندر راجہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ سنائے گا۔
پی ٹی آئی کیخلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ21 جون کو محفوظ کیا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی زیرصدارت پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کے حوالے سے الیکشن کمیشن میں اجلاس ہوا ،جو 3 گھنٹے تک جاری رہا۔
اجلاس میں ممنوعہ فنڈنگ کیس سے متعلق مشاورت کی گئی۔
پاکستان تحریک انصاف کیخلاف فنڈنگ کیس الیکشن کمیشن میں 8 سال زیر سماعت رہا، تحریک انصاف کے خلاف الیکشن کمیشن میں کیس 14 نومبر 2014 کو پی ٹی آئی کے بانی رکن اکبر ایس بابر کی جانب سے دائر کیا گیا تھا۔