ملتان بورڈ میں ماہرین تعلیم کی بڑی بیٹھک
ملتان بورڈ کے کمیٹی روم میں میٹرک و انٹر امتحانات 2024ء کے ماڈل پیپرز کی تیاری کے سلسلہ میں ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، چیئرمین بورڈ حافظ محمد قاسم، سیکرٹری بورڈ خرم شہزاد قریشی اور کنٹرولر امتحانات حامد سعید بھٹی نے محکمہ تعلیم حکومت پنجاب/پی بی سی سی کی ترجیحات کو بیان کیا اور نوٹیفیکیشن کے مطابق سوالیہ پرچہ جات میں 25 فیصد کانسپٹ سوالات شامل کرنے کیلئے ضروری مہارت حاصل کرنے اور نئے امتحانی نظام سے متعلق ادارہ جات میں طلباء کی رہنمائی کرنے پر زور دیا۔
چیئرمین بورڈ نے کہا کہ سوالیہ پرچہ جات نصاب کے مطابق ہوں مگر جدت کے ساتھ بنائیں جن میں کم از کم ایک چوتھائی حصہ براہ راست درسی کتب سے نہ ہو۔
ورکشاپ کے ماسٹر ٹرینرز ڈاکٹر خالد خورشید، ڈاکٹر طاہر پروین اور ڈاکٹر عبدالجبار تھے۔
ماسٹر ٹرینٹرز نے پیپر سیٹرز کو ماڈل پیپرز کی تیاری کیلئے بلوم ٹیکسانومی کے مطابق 25 فی صد سوالات تصوراتی /تجزیاتی شامل کرکے سوالیہ پیپرز تیار کرنے کیلئے جامع لیکچرز دیئے۔
ڈاکٹر خالد خورشید،صدر شعبہ ایجوکیشن زکریا یونیورسٹی نے کچھ ویب سائٹس اور ایپ کو متعارف کرایا جن کی مدد سے مطلوبہ نوعیت کے پیپر باآسانی سے بنائے جا سکتے ہیں۔
تمام پیپر سیٹرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے اپنے مضامین کے ماڈل پیپرز تیار کرکے بورڈ میں جمع کروائیں، جن کو حتمی منظوری کیلئے پی سی سی کو بھجوایا جائیگا۔
بعد از منظوری ان ماڈل پیپرز کو طلباء/ادارہ جات کی رہنمائی کیلئے بورڈ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیا جائیگا۔
اس موقع پر پیپرز سیٹرز نے رائے دی کہ نئے امتحانی نظام کے سلسلہ میں تمام اساتذہ کو ضروری ٹریننگ کرائی جائے تاکہ وہ طلباء کی مجوزہ پیپر پیٹرن کے مطابق امتحانات کی تیاری کرواسکیں۔
ٹریننگ کے اختتام پر تمام پیپر سیٹرز نے نئے نظام کی مطابقت میں ماڈل پیپر کی تیاری اور ادارہ جات میں طلباء کی رہنمائی کرنے کی یقین دہانی کرائی۔