میپکو: سرچ آپریشن کے دوران 30 بجلی چور قابو میں آگئے
میپکو شاہ رکن عالم ملتان کی ڈویژنل و سب ڈویژنل ٹیم نے ایگزیکٹو انجینیئر عمران عمر لودھی اور ایس ڈی او مہر عارف سیال کی سربراہی میں بجلی چوروں کے خلاف گرینڈ اپریشن کرتے ہوئے 30 بڑے بجلی چوروں کو مختلف ذرائع استعمال کر کے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ لیا، تمام صارفین کے خلاف مقدمات کے اندراج کے لیے رپورٹ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے ملتان کو ارسال کر دی گئی ہے۔
سپرٹینڈنگ انجینیئر میپکو ملتان سرکل انجینیئر امجد نواز بھٹی کی زیر نگرانی محلہ سدو والہ ‘ بہاول والہ ‘ رمنے والا اور محلہ گجر نگر میں کیے گئے سرچ آپریشن کے دوران 30 بجلی چور قابو میں آگئے۔، ان بجلی چوروں کو 50 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا ہے، مقدمات کے اندراج کے بعد بجلی چوروں کی گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔
ایگزیکٹو انجینیئر میپکو شاہ رکن عالم ڈویژن انجینئر عمران عمر لودھی کا کہنا ہے کہ انسداد بجلی چوری مہم کامیابی سے جاری ہے اور حکومتی اداروں کی معاونت سے تمام اہداف حاصل کئےجا رہے ہیں، سرکل ڈویژنل اور سب ڈویژنل ٹیمیں متحرک اور فعال کردار ادا کر رہی ہیں، بجلی چوروں کی سرکوبی کے لیے مہم کامیابی سے جاری ہے۔