ایمرسن سٹرائیکرز نے انٹر کلب ساوتھ زون جیت لیا

ساؤتھ پنجاب انٹر کلب بیس بال چیمپئن شپ کے آخری میچ میں ایمرسن سٹرائیکرز نے روہی ایگل کو چھ کے مقابلہ میں سات سکور سے ہرا کر ملتان زون کے چیمپئن کا ٹائٹل حاصل کرلیا۔
ایمرسن سٹرائیکرز نے سلمان واسع اور فرمان کے دو دو رنز اور بلال کے ایک رنز کی بنیاد پر سات رنز بنائے، جواب میں روہی ایگل نے احسن خان مدثر کے دو دو رنز اور اسد آصف اور ذیشان کے ایک ایک رنز کی بدولت چھ سکور بنائے، اس طرح ایمرسن سٹراِئیکرز نے ملتان زون کا چیمپین ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے نائب صدر پاکستان فیڈریشن بیس بال محمد جمیل کامران نے کہا کہ سیکرٹری پاکستان بیس بال فیڈریشن سید فخر شاہ کے ویژن کے مطابق پنجاب میں بیس بال کو گراس روٹ لیول پر منظم کرنے کے لیے ان کی سرپرستی میں انٹر کلب بیس بال چیمپئن شپ کا اہتمام کیا گیا ہے جس کے خاطر خواہ نتائج سامنے آرہے ہیں، ملتان زون میں ابتک ذاکوان اسد آصف اور فضل اللٰلہ کی عمدہ پچنگ اور محمد احسن کی کیچنگ نے متاثر کیا۔
نوجوان کھلاڑیوں کا جوش و جذبہ بھی قابل دید تھا انہوں نے مزید بتایا کہ اس چیمپین شپ کے اگلے راونڈ مظفر گڑھ اور بہاولپور میں کھیلے جائیں گے جس کا شیڈول جلد ہی جاری کردیا جائے گا۔