ایمرسن یونیورسٹی میں بڑی کانفرنس کا انعقاد

ایمرسن یونیورسٹی ملتان میں پہلی بین الاقوامی کانفرنس برائے حیاتیاتی تنوع، پائیداری اور قدرتی تاریخ منعقد ہوئی۔ یہ دو روزہ علمی و تحقیقی کانفرنس الغزالی ہال میں منعقد ہوئی، جہاں ماہرین، محققین اور پالیسی سازوں اور مختلف جامعیات کے وائس چانسلرز نے حیاتیاتی تنوع، ماحولیاتی تحفظ اور پائیداری کے جدید ترین سائنسی پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا کانفرنس میں پاکستان اور دنیا بھر سے نامور محققین، اساتذہ، طلبہ اور جامعات کے وائس چانسلرز نے شرکت کی۔
ایمرسن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان نے اپنے افتتاحی خطاب میں پاکستان میں پانی کی قلت جیسے سنگین مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے سائنسدانوں، پالیسی سازوں، تعلیمی اداروں، صنعتوں اور معاشرتی طبقات کے درمیان مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا تاکہ قدرتی وسائل کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے ایمرسن یونیورسٹی کی علمی و تحقیقی کامیابیوں کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ ایچ ای سی یونیورسٹی کے تحقیقی منصوبوں کی بھرپور معاونت کرے گا۔
اس بین الاقوامی کانفرنس میں معروف جامعات کے وائس چانسلرز اور اہم شخصیات نے شرکت کی جن میں پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد ( چیئرمین ایچ ای سی ) پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس (وائس چانسلر، یونیورسٹی آف سرگودھا) پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ (وائس چانسلر، ویمن یونیورسٹی ملتان) پروفیسر ڈاکٹر عامر اعظم خان (وائس چانسلر، خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی، رحیم یار خان) پروفیسر ڈاکٹر بینجمن ایف. ڈیالا (پرڈیو یونیورسٹی فورٹ وین، امریکہ) ڈاکٹر خضر سمیع اللہ (غازی یونیورسٹی، ڈاکٹر انصر محمود چٹھہ (ڈائریکٹر جنرل، فشریز پاکستان)، پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف اوکاڑہ پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد، ڈاکٹر محمد فاروق (رجسٹرار، ایمرسن یونیورسٹی ملتان)، ڈاکٹر عدنان طاہر، اساتذہ اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
وائس چانسلر سرگودھا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے فیکلٹی ٹریننگ، تعلیمی تبادلے کے پروگرامز، اور تحقیقی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے قدرتی وسائل کے تحفظ کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے آبی وسائل کی بچت، ماحولیاتی تحفظ، نامیاتی کھادوں کے فروغ اور شجرکاری کو اسلامی تعلیمات کی روشنی میں اپنانے کی تاکید کی اس کانفرنس میں مختلف قومی و بین الاقوامی ماہرین نے اپنی تحقیقی مقالات اور لیکچرز پیش کیے۔
کانفرنس کے دوران ایک خصوصی پینل ڈسکشن کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں معروف ماہرین تعلیم، صنعت کے نمائندے، اور پالیسی ساز شامل تھںجے کانفرنس میں طلبہ اور نوجوان محققین کے لیے پوسٹر پریزنٹیشن سیشن کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں انہوں نے اپنے جدید تحقیقی خیالات پیش کیے اور ماہرین سے فیڈ بیک اور رہنمائی حاصل کی۔ تقریب کے اختتام پر معروف مقررین، شرکاء، اور محققین کو شیلڈز اور سرٹیفکیٹس دیے گئے۔