ملتان ٹیسٹ:پاکستان نے انگلینڈ کو سپنرز کے جال میں جکڑ لیا، 6 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز، 127 رنز کا خسارہ باقی، ساجد خان کے 4 شکار

بین ڈیکیٹ 114، زیک کرالی 27، اولی پاپ 29 ، جوئے روٹ 34 رنز بنا کر نمایاں بلے باز، کپتان بین سٹوکس 1 رن بنا سکے
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر سپنرز کی کامیاب باولنگ کی بدولت انگلینڈ کے 6 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز تک محدود، جمی سمتھ 12، برائیڈن کارس 2 کے ساتھ کریز پر موجود
پاکستان کے 366 کے جواب میں انگلینڈ کی جانب سے زیک کرالی اور بین ڈیکٹ نے اننگ کا آغاز کیا، اور تیز بیٹنگ کرتے ہوئے 73 رنز کی پارٹنرشپ جوڑی، زیک کرالی 27 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے اپنا کیچ محمد رضوان کو تھما بیٹھے، ان کی اننگ میں 3 چوکے شامل تھے۔
پاکستان کو دوسری کامیابی اولی پوپ کی صورت میں ملی جب سپن بالر ساجد خان نے اولی پوپ کو بولڈ آؤٹ کردیا، وہ 29 کے انفرادی سکور پر بیٹنگ کر رہے تھے۔
بین ڈیکٹ نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی چوتھی اور پاکستان کے خلاف دوسری سنچری مکمل کی، اور وکٹ کے چاروں طرف بہترین شارٹس کھیلتے ہوئے پاکستانی بالرز کی خوب درگت بنائی، ان کی سنچری میں 15 چوکے شامل تھے۔
تیسری وکٹ کی شراکت میں 86 رنزبنے، جوئے روٹ بڑی اننگ کھیلنے میں ناکام رہے اور 34 رنز بنانے کے بعد ساجد خان کی گیند پر ‘اِن سائڈ ایج’ بولڈ ہوگئے۔ 13 رنز کے اضافے کے بعد چوتھی وکٹ بھی ساجد خان کے حصے میں آئی جب بین ڈیکیٹ 114 کے انفرادی سکور پر سلمان علی آغا کو کیچ پکڑوا بیٹھے، ان کی اننگ میں 16 چوکے شامل تھے۔ ہیری بروک بھی ساجد خان کی گیند پر بولڈ ہوگئے، انہوں نے 2 چوکوں کی مدد سے 9 رنز بنائے۔ انگلش کپتان بین سٹوکس بھی 1 رن پر نعمان علی گیند پر عبدااللہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے 4، نعمان علی 2 وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل تیسرے سیشن کے آغاز میں پوری پاکستانی ٹیم 366 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی، آج دن کے آغاز میں انگلش بالرز نے پاکستانی بیٹرز کو کھل کر نہ کھیلنے دیا اور پہلے سیشن میں ہی 99 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کرلی، کھانے کے وقفے کے بعد بعد محض 8 رنز اضافے کے بعد دو وکٹیں حاصل کرکے پاکستانی اننگ کو 366 پر آل آؤٹ کردیا۔
کامران غلام 118، صائم ایوب 77 ،محمد رضوان 41، سلمان علی آغا 31، نعمان علی 37 رنز بنا کر نمایاں سکورر رہے، جبکہ عبداللہ شفیق 7، کپتان شان مسعود 3، سعود شکیل 4 اور ساجد خان 2 رنز بنا کر ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکے۔
انگلینڈ سے جیک لیچ نے 4، برائیڈن کارس3 ،میتھیو پوٹس نے 2 ،شعیب بشیر نے 1وکٹ حاصل کی۔