ایمرسن یونیورسٹی میں سیمینار کا انعقاد

ایمرسن یونیورسٹی ملتان کے شعبہ ریاضی و شماریات کے زیرِ اہتمام ایک روزہ علمی سیمینار کا انعقاد یونیورسٹی کے مرکزی سیمینار ہال میں کیا گیا، جس کی صدارت شعبہ ریاضی و شماریات کے صدر، ڈاکٹر عبدالمعید نے کی۔
انہوں نے کہا کہ ریاضی صرف ایک مضمون ہی نہیں بلکہ ایک طرزِ فکر ہے جو زندگی کے ہر پہلو میں کارآمد ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس قسم کی علمی سرگرمیاں طلبہ کی ذہنی استعداد کو بڑھاتی ہیں۔
اس موقع پر ایمرسن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان نے کہا، "ریاضی کے بغیر زندگی کا تصور نا مکمل ہے۔ یہ سائنس، ٹیکنالوجی، معیشت، اور روزمرہ کے معمولات میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ حتیٰ کہ صفر کا ہندسہ، جو بظاہر کچھ نہیں، اپنی جگہ ایک مکمل مفہوم رکھتا ہے۔”
لمز سے ڈاکٹر عمران انور نے ‘اوور رائٹنگ پزل اینڈ ری کرییشن میتھمیٹکس’ کے موضوع پر لیکچر دیا، ڈاکٹر محمد وقاص علی اظہر نے "لونگیٹیوڈنل پرابلم” پر روشنی ڈالی، ڈاکٹر شاہین نذیر نے سپلائی ڈگری کے نئے رجحانات اور ان کی صنعتی و تعلیمی اہمیت پر تفصیلی گفتگو کی۔
سیمینار میں ایمرسن یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران ڈاکٹر محمد آصف، ڈاکٹر عدنان طاہر، ڈاکٹر صدام حسین، ڈاکٹر نوید یاسر، ڈاکٹر عمیر، ڈاکٹر ہمایوں اور شہباز عاصی نے بھی شرکت کی، اس کے علاوہ بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات نے بھی سیمینار میں شرکت کی۔