ایمرسن یونیورسٹی میں بڑی تقریب
قائد اعظم محمد علی جناح کی برسی کے موقع پر ایمرسن یونیورسٹی ملتان میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر قائد اعظم کی خدمات اور پاکستان کے قیام میں ان کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان نے کی، جنہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ "آج ہم جس آزاد ملک میں سانس لے رہے ہیں، یہ قائد اعظم کی عظیم قیادت کا نتیجہ ہے۔ ہمیں قائد اعظم کے اصولوں یعنی ایمان، اتحاد، اور تنظیم پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی اور وقار میں اضافہ کرنا چاہیے۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان نے مزید کہا کہ قائد اعظم نے ہمیں ایک آزاد اور خودمختار ریاست کا تحفہ دیا، اور ہمیں اس عظیم ورثے کو سنبھالنے اور آگے بڑھانے کا عزم رکھنا چاہیے۔ ان کے افکار اور نظریات ہمیں ایک متحد اور مضبوط قوم بنانے کی راہنمائی فراہم کرتے ہیں۔
تقریب میں یونیورسٹی کے طلباء، اساتذہ، اور دیگر اسٹاف نے بھی قائد اعظم کی یاد میں خراج تحسین پیش کیا اور ان کی تعلیمات پر عمل کرنے کا عہد کیا۔
اس موقع پر قائد اعظم کی شخصیت اور ان کے وژن پر تفصیلی گفتگو بھی کی گئی، جس میں ان کی قربانیوں اور پاکستان کی آزادی میں ان کے کردار پر روشنی ڈالی۔