تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق: سی ای او ایجوکیشن

سی ای او ایجوکیشن ملتان ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ نے کہا ہے کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق اور ترقی کا ذریعہ ہے، حکومت پنجاب کی ہدایات پر سکولوں میں معیار تعلیم میں بہتری شرح خواندگی میں اضافہ اور جدید بنیادی سہولتوں کے فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ ، جدید کمپیوٹر اور سائنس لیب، خوبصورت انفراسٹرکچر پر مشتمل سکول بلڈنگ اور جدید سٹیٹ اف دی ارٹ کلاس رومز سمیت جدید سہولیات سرکاری سکولوں کا طرہ امتیاز ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ایم سی ایلیمنٹری سکول آغا پورہ میں ڈپٹی ڈائریکٹر گورنمنٹ ایم سی سکولز اسلم خان قیصرانی کی جانب سے نئی داخلہ مہم 2025 کا اغاز کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر ایلیمنٹری سکولز میاں خالد عالم، ڈپٹی ڈائریکٹر گورنمنٹ ایم سی سکولز ملتان اسلم خان قیصرانی، اسسٹنٹ ایجوکیشن افیسر مرکز دہلی گیٹ ملک گل بہار بھٹہ، صدارتی ایوارڈ یافتہ ڈسٹرکٹ سکاؤٹ سیکرٹری محمد اشفاق انصاری، سماجی رہنما میاں نعیم ارشد، ہیڈ ماسٹر سکول ہذا محمد اکرم مئیو کے علاوہ سکول ایلومینائی کونسل کے معزز اراکین ڈاکٹر عبدالعلیم، ڈاکٹر محمد خاور، جاوید اقبال اور سابق چیئرمین یونین کونسل نمبر 26 محمد صدیق انصاری بھی موجود تھے۔
نئے داخل ہونے والے بچوں میں نصابی کتب، سکول بیگ اور یونیفارم بھی تقسیم کی گئی، اس کے علاوہ سکول ایلومینائی کونسل کی جانب سے سکول کے دیگر 60 بچوں میں یونیفارم تقسیم کی گئیں۔
مہمانوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن ‘پلانٹ فار پاکستان’ کی روشنی میں پودے بھی لگائے۔
سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ نے مزید کہا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے، وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات اور سیکرٹری ایجوکیشن پنجاب خالد نزیر وٹو کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں شرح خواندگی میں اضافہ کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ نے اساتذہ کو ہدایت کی کہ اسکول داخلہ مہم کو کامیاب بنایا جائے۔ سکولوں کے ہیڈز انرولمنٹ ٹارگٹ کے ذمہ دار ہوں گے۔
ڈی ای او میاں خالد عالم اور ڈپٹی ڈائریکٹر اسلم خان قیصرانی نے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں بچوں کو معیاری اور جدید تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ حکومت شعبہ تعلیم پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے تاکہ پاکستان کے ہر بچے کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جا سکے۔
سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ نے سکول ایلومینائی کونسل کے اراکین کا شکریہ ادا کیا اور ڈپٹی ڈائریکٹر اسلم خان قیصرانی اور سکول انتظامیہ کے بہترین انتظامات کرنے پر انہیں شاباش دی۔