Breaking NewsEducationتازہ ترین

نویں جماعت کے خراب نتائج : فیکٹ فائنڈنگ کمیٹیاں تشکیل

نہم جماعت کے غیر تسلی بخش امتحانی نتائج پر سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب کا نوٹس، غیر متوقع نتائج کی وجوہات جاننے کے لیے ڈویژن کی سطح پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹیاں تشکیل دے کر تین ہفتوں میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

کمیٹیاں انتظامی افسران، اساتذہ، طلبہ، والدین اور ایگزامینر سمیت تمام سٹیک ہولڈر سے مل کر ٹیچنگ لرننگ، سکیم آف سٹڈیز، نصاب، کورس کے دورانیے، پیپر پیٹرن، پیپر چیکنگ، مارکنگ اور امتحانی نظام کے معاملات کا جائزہ لیں گی۔

تفصیلات کے مطابق ملتان، ڈیرہ غازی خان اور بہاول پور تعلیمی بورڈز کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے نہم جماعت کے سالانہ امتحان 2022ء میں غیر تسلی بخش نتائج پر سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور نے نوٹس لے لیا ہے۔

غیر متوقع نتائج کی وجوہات تک پہنچنے اور ہر پہلو سے جائزہ لینے کے لیے ڈویژن کی سطح پر ماہرین تعلیم، بورڈ حکام اور اساتذہ پر مشتمل فیکٹ فائنڈنگ کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں جو تین ہفتوں میں وجوہات اور سفارشات مرتب کر کے اپنی رپورٹ سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب کو پیش کریں گی۔

بہاول پور ڈویژن کی سات رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے چیئرمین راجہ مظہر حسین، پرنسپل گورنمنٹ ہائر سکینڈری سکول عباسیہ بہاول پور، اور سیکرٹری عبدالغفور شاہ، پرنسپل ہائی سکول یزمان ہوں گے، جب کہ اراکین میں سیکرٹری تعلیمی بورڈ بہاول پور، نوید خالق، ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ فاضل ہائی سکول خیر پور ٹامیوالی، محمد اقبال، سینئر ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول کینٹ بہاول پور، غلام باری، ایس ایس ٹی گورنمنٹ ٹیکنیکل ہائی سکول بہاول پور اور متعلقہ امور کے کسی ماہر کو شامل کیا گیا ہے۔

ڈیرہ غازی خان ڈویژن کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے چیئرمین سید آغا حسن، پرنسپل گورنمنٹ ہائر سکینڈری سکول 139/ ٹی ڈی اے لیہ اور سیکرٹری بلال عباسی ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈیرہ غازی خان کو مقرر کیا گیا ہے، جب کہ اراکین میں سیکرٹری تعلیمی بورڈ ڈیرہ غازی خان، رحمت اللہ بزدار، پرنسپل گورنمنٹ لیب ہائر سکینڈری سکول ڈیرہ غازی خان، طارق امین، سینئر سبجیکٹ سپیشلسٹ گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول 139-اے/ ٹی ڈی اے لیہ، عسکری مہدی، ایس ایس ای (میتھ) گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول مظفر گڑھ اور متعلقہ شعبے میں ماہر کسی سینئر شخص کو نامزد کیا گیا ہے۔

ملتان ڈویژن کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے لیے سینئر ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول متی تل ملتان عقیل رضا گردیزی کو چیئرمین اور پرنسپل گورنمنٹ گرلز ہائی سکول مخدوم رشید طاہرہ نواز کو سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے، جب کہ اراکین کے طور پر سیکرٹری تعلیمی بورڈ ملتان، عبدالجبار سینئر ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول علی والا ملتان، رابعہ بصری ہیڈ مسٹریس گورنمنٹ گرلز ہائی سکول لوٹھار ملتان، محمد عارف ایس ایس ٹی گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول گلگشت ملتان اور متعلقہ شعبے میں کسی ماہر شخص کا تقرر کیا گیا ہے۔

ڈویژنل سطح پر قائم یہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹیاں انتظامی افسران، اساتذہ، طلبہ، والدین اور ایگزامینر سمیت تمام سٹیک ہولڈر سے مل کر ٹیچنگ لرننگ، سکیم آف سٹڈیز، نصاب، کورس کے دورانیے، پیپر پیٹرن، پیپر چیکنگ، مارکنگ اور امتحانی نظام کے معاملات کا جائزہ لیں گی، اور نہم جماعت کے غیر متوقع امتحانی نتائج کی وجوہات کا تعین کر کے 24 اکتوبر تک اپنی مفصل رپورٹ سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب کو پیش کریں گی۔

کمیٹیاں اس سلسلے میں متعلقہ ریکارڈ تک رسائی بھی رکھ سکیں گی۔

واضح رہے کہ بہاول پور بورڈ کے زیر اہتمام جماعت نہم کے امتحان میں کامیابی کی شرح 2018ء میں 52.49 فیصد، 2019ء میں 50.17 فیصد اور 2022ء میں 42.21 فیصد، ڈیرہ غازی خان بورڈ میں جماعت نہم کے امتحان میں کامیابی کی شرح 2018ء میں 59.38 فیصد، 2019ء میں 56.93 فیصد اور 2022ء میں 49.83 فیصد جب کہ ملتان بورڈ میں نہم کے نتائج میں کامیابی کی شرح 2018ء میں 59.8 فیصد، 2019ء میں 59.37 فیصد اور 2022ء میں 45.85 فیصد رہی تھی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

پاکستان میں کرونا وائرس کی صورت حال

گھر پر رہیں|محفوظ رہیں