زکریا یونیورسٹی میں کرپشن کا راج، پرووائس چانسلر کے موبائل فون کے جعلی بل پکڑے گئے

زکریا یونیورسٹی کے پرووائس چانسلر کے موبائل فون کے جعلی بل پکڑے گئے ، انکوائری شروع کرنے کافیصلہ۔
زکریا یونیورسٹی میں کرپشن نہ رک سکی، نئے انکشاف نے یونیورسٹی وائس چانسلر کو چکراکر رکھ دیا، یونیورسٹی کے پروائس چانسلر اور ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف پیور اینڈ اپلائیڈ بائیولوجی پروفیسر ڈاکٹر علیم خان کے موبائل فون کے جعلی بل خزانہ دار آفس میں پکڑے گئے ۔
ذرائع کے مطابق سینڈیکیٹ کے فیصلے کی روشنی میں ڈائریکٹراور چیئرمینوں کو پوسٹ پیڈ کنکشن پر بل کی ادائیگی کی جاتی ہے،جس پر تمام سربراہ اپنے بل جمع کراتے ہیں ذرائع سے ملنے والی دستاویزات کے مطابق ڈاکٹرعلیم خان نے اپنے موبائل فون 03346041068 کے دوسال کے بل جن کی مالیت ایک لاکھ 33ہزار کے کلیم کیے ، انہوں نے بل کے ساتھ جو دستاویزات لگائیں، ان پر ایک جیسی سیریل نمبر تھے ۔
جس پر شک پڑنے پر معاملہ اعلیٰ حکام کے نوٹس میں لایاگیا، انہوں نے بلوں کی تصدیق کےلئے فون کمپنی یو فون کو مراسلہ تحریر کرنے کا حکم دیا، جس کے بعد فون کمپنی نے جوابی مراسلہ ارسال کردیا جو بل یونیورسٹی میں جمع کرائے گئے ہیں یہ جعلی ہیں، ہماری کمپنی نے جاری نہیں کئے۔
علاوہ ازیں جس نمبر کا بل ہے وہ پری پیڈ نمبر ہے اور پوسٹ پیڈ نہیں ہے ، اور گزشتہ دو برسوں یکم مارچ 2020 سے 13فروری 2022 میں اس پر صرف 15 ہزار روپے کے کارڈ اپ لوڈ لئے گئےہیں۔
یہ ساری رپورٹ وائس چانسلر کو پیش کردی گئی ہے ،اور انہوں ن انکوائری کرنے کافیصلہ کرلیا ہے۔
اس بارے میں وائس چانسلر آفس نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ خزانہ برانچ سے ایک کیس آیا ہے جس پرا نکوائری کرائی جائے گی ۔