Paid ad
Breaking NewsNationalتازہ ترین

وفاقی کابینہ کا اجلاس،:افغان شہریوں کےلئے ویزہ اور آسان، کرنسی نوٹ کی تبدیلی کی مدت میں توسیع

وفاقی کابینہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر افغان باشندوں کیلئے پاکستانی ویزے کے حصول کے طریقہ کار میں مزید آسانی کی اجازت دے دی ہے۔
اس فیصلے کے بعد ویزے کے حصول کیلئے درکار سکیورٹی کلیرنس کی مدت 30 دن سے کم کر کے 15 دن کر دی گئی ہے، افغان عوام کی فلاح و بہبود اور امداد کیلئے کام کرنے والی بین الاقوامی این جی اوز کے رجسٹریشن کے طریقہ کار کو سہل بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

منگل کو وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے کوروناء کی نئی قسم اومی کرون کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔
کابینہ نے ویکسینیشن بڑھانے، سماجی فاصلہ برقرار رکھنے اور ماسک پہننے کی ضرورت پر زور دیا۔کابینہ کو آگاہ کیا گیا کے اس وقت پاکستان میں 2کروڑ افراد نے کروناء ویکسین کی دوسری ڈوز نہیں لگوائی۔کابینہ نے اپیل کی کہ یہ تمام باشندے جلد سے جلد دوسری ڈوز لگوا لیں تاکہ کورونا کے پھیلائو کو روکا جاسکے۔
ویکسین کی دوسری ڈوز لگوانے کے بعد قوت مدافعت میں 17گنا زیادہ اضافہ ہوتا ہے۔
وزیر اعظم نے وفاقی وزراء اسد عمر اور زبیدہ جلال کو جلد گوادر کا دورہ کرنے کی ہدایت دی تاکہ گوادر کے عوام کے مسائل کے جلد حل کے لیے سفارشات مرتب کی جاسکیں۔
اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین متعارف کرانے اور بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا اختیار دینے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
کابینہ نے اسلام آباد میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کے ای سی پی کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا۔
کابینہ کو الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ملک کے تمام پولنگ اسٹیشنز تک ترسیل و استعمال اور عملہ کی ٹریننگ کے حوالے سے شیڈول پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
کابینہ نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا اختیار دینے کے قوانین لاگو ہونے بعد آئندہ انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے منعقد کرانے کے عزم کا اظہار کیا۔
مشیر خزانہ نے وفاقی کابینہ کو اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ پیش کیا۔ ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.07فی صدکمی آئی ہے۔
چینی، آٹا اور گھریلو استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔ 9 اشیاء کی قیمتوں میں کمی آئی، 23 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
کابینہ کو آگاہ کیا گیا کے خطے میں گھی اور چائے کی پتی کی قیمتوں کے علاوہ دیگر تمام گھریلو استعمال کی اشیا کی قیمتیں پاکستان میں کم ہیں۔
ان اشیاء میں آٹا، چنے، دال ماش، دال مونگ، ٹماٹر، پیاز، چکن اور پیٹرول شامل ہیں۔سندھ میں اشیاء ضروریہ بشمول آٹا، چینی، دودھ، گھی اور دالوں کی زیادہ قیمتوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
کابینہ نے پاکستان اور تاجکستان کے مابین دو طرفہ فضائی روٹ میں تبدیلی کی منظوری دی۔
اس فیصلے سے فضائی فاصلے اور سفری اخراجات میں کمی آئے گی۔کابینہ نے پاکستان اور قازقستان کے مابین فضائی سفر کے آغاز کیلئے قازق ائیر کمپنی (SCAT) کوپاکستان میں کام کرنے کی اجازت دی۔
اس فیصلہ سے پاکستان اور قازقستان کے درمیان براہ راست ہوائی سفر ممکن ہوگا اور باہمی تجارت میں مدد ملے گی۔
پاکستان اور وسطی ایشیائی ممالک کے مابین تجارت کے فروغ کی خاطر کابینہ نے ہوابازی ڈویژن کو تمام وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ فضائی سفر کے معاہدے کرنے کے حوالے سے کام شروع کرنے کی ہدایت دی۔
کابینہ نے پاکستان اور عراق کے مابین فضائی سفر معاہدے میں ترمیم کی اجازت دی۔
اس فیصلے سے پاکستان اور عراق کے درمیان کمرشل فلائیٹس میں اضافہ ممکن ہوگا۔
کابینہ نے پاکستانی 10، 50، 100 اور 1000 کے پرانے کرنسی نوٹ تبدیل کرنے کی مدت میں 31 دسمبر2022 تک توسیع کی اجازت دی۔
کابینہ کو آگاہ کیا گیا کے اس وقت ملک میں یوریا کی کوئی کمی نہیں ہے تاہم ملک میں ربیع فصل کیلئے یوریا کھاد کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے مندرجہ ذیل منظوریاں دیں۔
سوئی ناردرن گیس کمپنی یوریا پلانٹس کو جنوری 2022 ء تک گیس فراہم کرے گی،پاک عرب اور فاطمہ فرٹیلائیزر پلانٹس کو گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا، اضافی 50,000ٹن یوریا درآمد کرنے کے عمل کو تیزی سے مکمل کیا جائے۔
یاد رہے کے پاکستان میں فی بوری یوریا کی قیمت تقریبا ً1864 روپے ہے جبکہ دوسرے ممالک میں فی بوری10,000 روپے کے حساب سے فروخت ہو رہی ہے۔
موجودہ حکومت نے زراعت اور کاشتکاروں کی ترقی کے لئے سب سے زیادہ اقدامات اٹھائے۔
کابینہ کو ملک میں چینی کی پیداوار اور قیمتوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔کابینہ نے چینی کے موجودہ اسٹاک اور قیمت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم نے ہدایت دی کے چینی کے سٹرٹیجک ذخائر کو برقرار رکھا جائے تاکہ قیمتوں میں استحکام رہے۔
کابینہ نے چینی سیکٹر اصلاحات کے حوالے سے قائم خصوصی کمیٹی کی رپورٹ کی سفارشات عوامی رائے کے لئے جاری کرنے کی بھی منظوری دی۔
انسانی ہمدردی کی بنیاد پر افغانی باشندوں کیلئے پاکستانی ویزے کے حصول کے طریقہ کار میں مزید آسانی کی اجازت دی گئی۔
اس فیصلے کے بعد ویزے کے حصول کیلئے درکار سکیورٹی کلیرنس کی مدت 30 دن سے کم کر کے 15 دن کر دی گئی ہے۔
افغان عوام کی فلاح و بہبود اور امداد کیلئے کام کرنے والی بین الاقوامی این جی اوز کے رجسٹریشن کے طریقہ کار کو سہل بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
یہ فیصلہ انسانی ہمدردی اور افغانستان کے عوام کو امداد کی فراہمی کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
پاکستان کے راستے دوسرے ممالک میں نقل مکانی کرنے والے افغان باشندوں کیلئے دی گئی سہولت کیلئے مزید 60 دن کی توسیع دی گئی۔
اس سہولت میں زمینی اور فضائی راستوں سے سفر شامل ہیں۔افغان عوام کی فلاح کیلئے کام کرنے والی بین الاقوامی این جی اوز کے اہل کاروں کیلئے پاکستانی ویزے کے حصول کے طریقہ کار کو سہل(بغیرسکیورٹی کلیرنس) بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
یہ فیصلہ انسانی ہمدردی اور افغانستان کے عوام کو امداد کی فراہمی کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
کابینہ کو اوگرا کی سالانہ رپورٹ برائے سال 2019-20 ء پیش کی گئی۔
اس رپورٹ میں پاکستان کی پیٹرولیم صنعت کی کارکردگی، پیداوار، طلب و رسد اور پیٹرولیم صنعت کی بہتری کے حوالے سے سفارشات دی گئی ہیں۔
کابینہ کو آگاہ کیا گیا کے اس وقت پیٹرول اور ڈیزل کا 27 دن کا اسٹاک موجود ہے۔
ایکسپلوریشن 75 لائسنسوں کی مد میں 29 ارب روپے کی آمدن حاصل ہوئی۔ایل پی جی سلنڈروں کے سیفٹی معیار کو بہتر کیا جا رہاہے اور عوامی آگاہی مہم بھی جاری ہے۔
ایل پی جی کمپنیوں کو 10لائسنس جاری کئے گئے، گیس چوری کو روکنے کے لیے آڈٹ کیا جا رہا ہے، غیر قانونی پٹرول پمپس اور پلاسٹک کے کنٹینر میں پیٹرول فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔
کابینہ نے کمیٹی برائے ادارہ جاتی اصلاحات کے 24 نومبر2021 ء کو منعقدہ اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کی جس کے مطابق نیشنل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ فار فرٹیلٹی کیئر کراچی کو نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پاپولیشن سٹڈیز اسلام آباد میں ضم کیا جائے گا۔
کابینہ نے کمیٹی برائے توانائی کے02 دسمبر2021 ء کو منعقدہ اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کی ۔
کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)کے10 دسمبر 2021ء کو منعقدہ اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔
ای سی سی کے اجلاس میں سمال ومیڈیم انٹرپرائزز پالیسی 25۔2021 ،کمرشل گیس ایلوکیشن فارم،میسرز یونائیٹڈ انرجی پاکستان فیلڈز،لاہور اور سندر انڈسٹریل سٹیٹ کے صنعتی صارفین کے لئے رعایتی ٹیرف کے لئے لائحہ عمل شامل ہے۔
کابینہ نے چیف فنانشل آفیسر سی پی پی اےکو بطور سی ای او سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کا اضافی چارج دینے کی منظوری دی۔کابینہ نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر افغانستان کیلئے این ڈی ایم اے کی جانب سے امداد کی فراہمی کی اجازت دی۔
حکومت پاکستان پہلے ہی ورلڈ فوڈ پروگرام کے تحت 200,000ٹن گندم اور پاکستان کی طرف سے اضافی 50,000ٹن گندم کی امداد افغان عوام کے لئے فراہم کر چکاہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button