ویمن یونیورسٹی میں فیکلٹی اور عملے کے لئے فٹنس کلب کا افتتاح کردیا گیا

ترجمان کے مطابق ویمن یونیورسٹی انتظامیہ نے فیکلٹی ممبران اور عملے کی صحت کو برقرار رکھنے کے لئے فٹنس سنٹر قائم کیا ہے، جس کا افتتاح گزشتہ روز کیا گیا۔
وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر کلثوم پراچہ کا کہنا تھا کہ یہ یونیورسٹی کمیونٹی کی صحت، تندرستی اور کام کی زندگی کے توازن کو فروغ دینے کی جانب ایک قدم ہے۔فٹنس کلب کا مقصد جسمانی سرگرمی، تناؤ سے نجات، اور تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی مجموعی بہبود ہے ہماری فیکلٹی اور عملے کی جسمانی اور ذہنی تندرستی یونیورسٹی کی کامیابی کے لیے لازم و ملزوم ہے، ایک صحت مند جسم ایک صحت مند دماغ کی پرورش کرتا ہے اور یہ اقدام ہمارے ملازمین کو اپنی تعلیمی اور انتظامی ذمہ داریاں پوری توانائی کے ساتھ ادا کرتے ہوئے متوازن طرز زندگی کو برقرار رکھنے میں مدد فراہم کرے گا۔
فٹنس کلب کی انچارج ڈاکٹر رائمہ نذر (ڈائریکٹر اسپورٹس اینڈ مینیجنگ ہیڈ آف دی فٹنس کلب) نے کلب بارے بریفنگ دی اور کلب کی سہولیات اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا
انہوں نےبتایا کہ کلب باقاعدگی سے فٹنس سیشنز، آگاہی ورکشاپس، اور فلاح و بہبود کے پروگرام پیش کرے گا جو خاص طور پر یونیورسٹی کے عملے کے لیے بنائے گئے ہیں۔
رجسٹرار ڈاکٹر ثمینہ اختر، خزانچی ڈاکٹر تنزیلہ رحمان کا کہناتھا کہ ویمن یونیورسٹی ناصرف تدریسی سرگرمیوں کو فروغ دیتی بلکے یہ طالبات کے ساتھ ساتھ اپنی فیکلٹی اور عملے کی صحت وسلامتی کےلئے بھی متحرک رہتی ہے، کلب کا قیام اساتذہ اور عملے کی صحت کےلئے کیاگیا ہے یہ جدید جم سہولیات سے آراستہ ہے جس سے مستفید ہوکر اساتذہ اپنی فٹنس بہتر بناسکیں گی۔
اس مو قع پر سنیئر اساتذہ اور افسران بھی موجود تھیں ۔




















