غذائی قلت پر قابو پانا عصر حاضر کی شدید ضرورت : ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی

بہاالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے کہا کہ غذائی قلت پر قابو پانا عصر حاضر کی شدید ضرورت ہے، اور دنیا بھر سمیت پاکستان کو اس اہم ایشو پر فوکس کرنا ہو گا ۔
بہاالدین زکریا یونیورسٹی ملتان شعبہ ہیومن نیوٹریشن کے زیر اہتمام چوتھے آل پاکستان نیوٹریشنسٹ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے مزید کہا کہ پاکستان میں سیکنڑوں بچے اور خواتین خوراک کی کمی سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں، اور کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ میں توقع کرتا ہوں کہ ملک بھر سے آئے ماہرین خوراک اس اہم ایشو پر نہ صرف اپنی تجاویز دیں گے، بلکہ غذائی قلت اور فوڈ سیکیورٹی کے حوالے سے مسائل پر قابو پانے کے لیے حل بھی تجویز کریں گے ۔
کنونشن سے ڈین فیکلٹی آف فوڈ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر میں چالیس فیصد پانچ سال سے کم بچے مطلوبہ خوراک سے کم حاصل کر رہے ہیں ، اور دوران زچگی سیکنڑوں خواتین اسی وجہ سے جان کی بازی ہار جاتی ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیلنس ڈایٹ سب کی ضرورت ہے لہذا اچھی خوراک کے ساتھ بہترین زندگی گزارنے کا ہنر سیکھیں ، معاشرے میں ایک دوسرے بھی خیال رکھیں اور خوراک کی کمی کے حوالے سے ہر ممکن مدد کریں ۔
ڈاکٹر خلیل گل اور ڈاکٹر توصیف احمد نے اس بات پر زور دیا کہ ملاوٹ سے پاک اشیاء خوردونوش ایک نعمت ہیں لہذا ان کی قدر کریں ۔
انہوں نے کہا کہ شعبہ فوڈ سائنسز کے طلباء وطالبات ہمارے سفیر ہیں اور وہ اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی سر انجام دیں ۔
کنونشن سے ڈاکٹر رفعت عائشہ ، ڈاکٹر محمد جاوید ، حسنین معاویہ نے خطاب کیا اور اس موقع پر ڈین ڈاکٹر محمد عزیر ، ڈاکٹر عبدالکریم ، ڈاکٹر شوکت ملک، ڈاکٹر خرم افضل، ڈاکٹر محمد ریاض، سمیت دیگر فکیلٹی ممبران اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی ۔
کنونشن کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی اور ڈاکٹر سعید نے مندوبین کے مابین شیلڈز تقسیم کیں۔