12سال بعد ملتان کے کیڈٹ کالج کےلئے 70 کروڑ کے فنڈز جاری
ملتان میں زیر التواء کیڈٹ کالج منصوبہ ساڑھے بارہ سال بعد دوبارہ شروع کرنے کی حتمی منظوری دے دی گئی ہے، اور اس کے لئے 70 کروڑ کے فنڈز جاری کرتے ہوئے اراضی الاٹ کردی گئی ہے۔
سی ای او ایجوکیشن ملتان فیض عباس کے مطابق سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کی منصوبے کے حوالے سے ذاتی دلچسپی لی گئی ہے ۔
ملتان میں محکمہ تعلیم کے زیر انتظام کیڈٹ کالج منصوبہ شروع کرانے کیلئے ساڑھے بارہ سال پہلے منظوری دی گئی تھی جو کہ مختلف حکومتوں کی تبدیلی کی وجہ سے زیر التوا رہا ، اور اب دوبارہ کیڈٹ کالج منصوبہ کو حتمی منظوری دیدی گئی ہے۔
یہ کیڈٹ کالج بہاولپور سکھاں ملتان میں 919 کنال پر قائم کیا جا رہا ہے، اس کیڈٹ کالج منصوبے کا سنگ بنیاد بہت جلد رکھ دیا جائیگا۔
پہلے مرحلے میں چھٹی کلاس سے بارہویں تک تعلیم دی جائیگی ، اور جسکے 3 سیکشن ہونگے، اور ہر سیکشن میں 40 طالبعلموں کو میرٹ کی بنیاد پر داخلہ دیا جائیگا اور یہ محکمہ تعلیم ملتان کا پہلا کامیاب منصوبہ ہوگا ، جسکے بننے سے جنوبی پنجاب کے خطے کے طالبعلموں کا معیار تعلیم بلند ہوگا۔