سینکڑوں ہائی سکولوں کو ہائیر سیکنڈری کا درجہ دینے کا اصولی فیصلہ

پنجاب بھر میں تعلیمی سہولیات کے فروغ کے لیے سینکڑوں ہائی سکولوں کو ہائیر سیکنڈری کا درجہ دینے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کے بعد طلبا و طالبات اپنے ہی اداروں میں ایف اے اور ایف ایس سی کی تعلیم حاصل کر سکیں گے۔
اس اقدام کا مقصد طلبہ کو قریبی سطح پر اعلیٰ ثانوی تعلیم کی سہولت فراہم کرنا اور کالجوں پر بڑھتے ہوئے تعلیمی دباؤ کو کم کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق صوبہ بھر کے ہائی سکولوں کی اپ گریڈیشن کے لیے متعلقہ حکام نے اداروں سے تفصیلی ڈیٹا طلب کر لیا ہے۔ ہائی سکولوں کو ہائیر سیکنڈری کا درجہ دینے سے قبل ادارے میں جگہ کی دستیابی، عمارت کی موزونیت اور بنیادی سہولیات کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ تعلیمی سرگرمیوں کو مؤثر انداز میں جاری رکھا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق اپ گریڈیشن سے قبل ہر سکول کا تھرڈ پارٹی کے ذریعے معائنہ بھی کیا جائے گا، جس کے بعد ہی متعلقہ ادارے کو ہائر سیکنڈری کا درجہ دینے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
اعداد و شمار کے مطابق صوبے بھرمیں اس وقت تقریباً 6 ہزار ہائی سکول موجود ہیں جن میں سے 5 ہزار 800 سے زائد سکولوں نے اپنا مطلوبہ ڈیٹا فراہم کر دیا ہے، جبکہ 795 ہائی سکولوں نے مناسب جگہ اور سہولیات دستیاب ہونے کی بنیاد پر ہائیر سیکنڈری درجے میں اپ گریڈ ہونے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ منصوبہ عملی شکل اختیار کر لیتا ہے تو طلبہ کو اپنے ہی علاقوں میں ایف اے اور ایف ایس سی کی تعلیم کی سہولت میسر آئے گی اور بالخصوص دیہی علاقوں کے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے بہتر مواقع فراہم ہوں گے۔













