Paid ad
Breaking NewsNationalتازہ ترین

کوشش کر رہے ہیں کہ غداری کا مقدمہ کر کے عمران خان کو راستے سے ہٹائیں، چیئرمین تحریک انصاف

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آج یہ کوشش کررہے ہیں کہ غداری کا مقدمہ کرکے مجھے راستے سے ہٹادیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے بونیر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ باتیں کررہے ہیں کہ عمران خان پر غداری کا مقدمہ چلایا جائے، یہ چاہتے ہیں کہ مجھ پر غداری کا مقدمہ چلا کر اپنے راستے سے ہٹادیں، جن کا سب کچھ باہر یعنی زرداری اور نوازشریف مجھ پر غداری کا مقدمہ چلائیں گے؟ میں کسی امپورٹڈ حکومت کی طرح سپرپاور کےسامنے گھٹنے ٹیکنے والا نہیں ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ میں ہمارے ملک کے نیوٹرل سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ جب آپ نے فیصلہ کیا کہ نیوٹرل ہوجاتے ہیں تو میں نے انھیں بتایا یہ سازش کامیاب ہوگئی تو معیشت کو بہت نقصان ہوگا، ٹھیک ہے نیوٹرل اچھی چیز ہے لیکن ملک کی سالمیت بھی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک مضبوط ہوگا تو ہم اس کا دفاع بھی کرسکتے ہیں، میں نے ہمیشہ مثال دی ہے کہ سویت یونین اورامریکا کی طاقتور فوجیں تھی، سویت یونین کی معیشت نیچے گئی تو ان کی فوج ٹوٹ گئی۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے خطاب میں شہباز حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ الیکشن میں دھاندلی کی پوری تیاری کررہے ہیں اور الیکشن کمیشن کو ساتھ ملا کر میچ فکس کررہے ہیں۔

یہ جھوٹے کیسز بنا رہے ہیں لوگوں میں خوف پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں، پولیس کو ساتھ ملا کر جھوٹے کیسز بنا کر اپوزیشن کو تباہ کرنے کی کوشش کی ہے لیکن یہ الیکشن جیت نہیں سکتے یہ جب عوام میں جائیں گے چور اور غدار کے نعرے لگیں گے، قوم کو ایک پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہم نے ان سے حقیقی آزادی کیلئے جہاد لڑنا ہے۔

عمران خان نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان، اسرائیل اور امریکا نے ملکر سازش کی، ہندوستان اور اسرائیل چاہتے ہیں کہ پاکستان کمزور ہو اور ٹوٹے، امریکا بھی نہیں چاہتا کہ پاکستان مضبوط ہو، جب ہماری حکومت گرائی گئی تو ہندوستان کے میڈیا، اخباروں میں خوشی منائی گئی، بھارت میں ایسی خوشی منائی گئی جیسے شہباز شریف نہیں بلکہ شہباز سنگھ ہے، ہندوستان سمجھتا ہے اب ایسی حکومت آگئی ہے کہ پاکستان کنٹرول میں آگیا ہے آصف زرداری اور نوازشریف اس سازش کا حصہ بنے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شریف خاندان کے بھارت کی بزنس کمیونٹی سے گہرے تعلقات ہیں، مودی وہ آدمی ہے جس نے مسلمانوں پر سب سے زیادہ ظلم کیا، لیکن نواز شریف نے نریندر مودی کو خاص طور پر اپنے گھر شادی پر بلایا، جب نوازشریف ہندوستان گیا تو کشمیر کے حریت لیڈرز سے نہیں ملا کیونکہ مودی ناراض ہوجاتا، مودی پاکستان کے آرمی چیف کو دہشتگرد اور نواز شریف کو دوست کہتا ہے، نوازشریف کے منہ سے کبھی بھارتی جاسوس کلبھوشن کا نام نہیں نکلا۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ شور مچاتے تھے کہ پی ٹی آئی نے مہنگائی کردی، کانپیں ٹانگنےوالے بلاول نے سندھ سے مہنگائی پر مارچ کردیا، میں آج اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں اللہ الحق ہے، سچ نہیں چھپتا ہمارے اوپر بھی آئی ایم ایف کا قیمتیں بڑھانے کیلئے دباؤ تھا لیکن ہمارے ساڑھے3 سال ہمارے دورمیں آٹے کا تھیلا 326 روپے مہنگا ہوا لیکن ان کے دو ماہ میں آٹے کا تھیلا 422 روپے مہنگا ہوگیا، محمود خان نے بتایا کے پی میں آٹا اس سے بھی زیادہ مہنگا ہے۔

ہمارےدور میں باسمتی چاول 40 روپے اور ان کے دو ماہ میں 55 روپے مہنگا ہوا، ہمارے دور میں گھی 213 روپے بڑھا، ان کے 2 ماہ میں گھی 200 روپے مہنگا ہوا، سبزیاں اور پھل ہمارے دور میں فی کلو تین فیصد، انکے دو 2 ماہ میں 27 فیصد مہنگے ہوئے، ہمارےساڑھے 3 سال میں پٹرول 56 روپے 90 پیسے بڑھا، ان کے دو ماہ میں پٹرول فی لیٹر60 روپے بڑھ گیا۔

ہمارے زمانے میں ایک لیٹر فضل الرحمان 50 روپے 70 پیسے بڑھا، ان کے 2 ماہ میں فضل الرحمان فی لیٹر60 روپے بڑھ گیا، ہم نے فی یونٹ بجلی 6روپے فی یونٹ تک بڑھائی اب ان کے دورمیں بجلی کی قیمت کا بم پھٹنے لگا ہے اور2 ماہ میں بجلی 10 روپے فی یونٹ بڑھا دی ہے۔

ہم پر بھی آئی ایم ایف کا دباؤ تھا آئی ایم ایف نے زور دیا قیمتیں بڑھاؤ ہم نے وہ دباؤ برداشت کیا اور آئی ایم ایف کے کہنے پر بڑھانے کے بجائے پٹرول 10 روپے سستا کیا تھا، میرا بھی پیسہ باہر پڑا ہوتا تو میں بھی ایبسولیوٹلی ناٹ نہ کہتا لیکن میں نے باہر کرکٹ کھیلی، کمایا پھر سب کچھ بیچ کر پاکستان میں لایا، اسی لیے ہم نے حکومت کا پیٹ کاٹ کر عوام کو بچایا کیونکہ ہمارا جینا مرنا پاکستان میں ہے۔

امریکا کے غلاموں نے عوام پر پیڑول کا ایٹم بم پھینکا ہے، یہ وہ فیصلے کرتے ہیں جس کا ان کو باہر سے حکم ملتا ہے، جسے عوام کا درد ہو وہ پٹرول کی قیمت 60 روپے لیٹر بڑھانے جیسے فیصلے نہیں کرتا، موجودہ حکومت نے نے ایک ہفتے دوران ایک لیٹر ڈیزل اور پٹرول 60 روپے بڑھا دیا ہے تو اس سے عام آدمی کی زندگی پر کتنا اثر آئیگا، ہر چیز پر فرق پڑے گا اور مزید مہنگائی ہوگی۔

قوم کو پیغام ہے امپورٹڈ حکومت ظلم کے ذریعے قوم کو دبانا چاہتی ہے، یہ سب سے پہلے اپنے کرپشن کے کیسز ختم کرنے جارہے ہیں، شریف خاندان پر 40ارب کرپشن کے کیسز جب کہ زرداری پر جعلی اکاؤنٹس کے کیسز ہیں، نیب کو ختم کرنے سے اربوں روپے کے کرپشن کیسز ختم ہوجائیں گے، دو راستے ہیں ایک خوف کے بت کی پوجا یا ظلم کیخلاف جہاد کریں، جب تک زندہ ہیں ہم پاکستان کی حقیقی آزادی کی جنگ لڑتے رہیں گے۔

بونیر کے لوگوں سے کہتا ہوں جب کال دوں تو آپ سب نے آنا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button