لگژری اور غیر ضروری اشیاء کی درآمد پر عائد پابندی ختم کردی گئی

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا، جس میں لگژری اور غیرضروری اشیاء کی درآمد پر عائد پابندی ختم کردی گئی۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق لگژری، غیرضروری اشیاء کی درآمد پر پابندی 30 جون 2022 تک لگائی گئی تھی۔
علاوہ ازیں ای سی سی نے 5 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری بھی دے دی، افغانستان سے پاکستانی روپے میں درآمدات کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ ای سی سی نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر 5 بنیادی اشیاء پر سبسڈی جاری رکھنے کی منظوری دی۔
جانوروں میں لمپی اسکن بیماری کو نیشنل ڈیزیز ایمرجنسی قرار دینےکی سمری اجلاس میں پیش کی گئی ، جبکہ ای سی سی نے صوبائی سیکرٹریز، این ڈی ایم اےکی میٹنگ کے بعد پلان شیئر کرنے کی ہدایت کی۔
اس کے علاوہ ٹیلی کام لائسنس کے اجراء کیلئے کمیٹی قائم کردی گئی۔
خیال رہے کہ حکومت نے 19 مئی کو ملک کی تیزی سے بگڑتی ہوئی معیشت کو سہارا دینے کیلئے معاشی ایمرجنسی کی بنیاد پر لگژری غیر ملکی اشیاء کی امپورٹ پر مکمل پابندی عائد کی تھی۔