گورنمنٹ سمرا پبلک ہائی اسکول ملتان میں بڑی تقریب

گورنمنٹ سمرا پبلک ہائی اسکول ملتان میں حکومتی ہدایت کے مطابق ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سانحہ پشاور آرمی پبلک اسکول کے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرنے، خواتین کی تعلیم کی ضرورت پر زور دینے اور مسلح افواج کی قربانیوں کو سراہنے کے موضوعات پر روشنی ڈالی گئی۔
تقریب کی صدارت سینیئر ہیڈ ماسٹر خالد محمود خان نے کی، جبکہ سینیئر ٹیچرز چوہدری محمد علی اور ہاشم خان نے طلبہ سے خطاب کیا۔
خالد محمود خان نے اپنے خطاب میں سانحہ پشاور کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان معصوم بچوں کی قربانیوں نے قوم کو متحد کیا اور ہمیں دہشت گردی کے خلاف مضبوط موقف اپنانے کا سبق دیا۔
چوہدری محمد علی نے خواتین کی تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تعلیم یافتہ خواتین ہی قوم کی ترقی کا ضامن ہیں اور ان کی تعلیم سے معاشرتی استحکام اور خوشحالی ممکن ہے، انہوں نے طلباء کو تاکید کی کہ وہ تعلیم کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔
ہاشم خان نے مسلح افواج کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمارے سپاہی وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں قربان کرتے ہیں، اور ان کا یہ عزم و حوصلہ ہماری آزادی اور سلامتی کا ضامن ہے۔
تقریب میں طلباء نے شہداء کے لیے دعائیہ کلمات ادا کیے اور خواتین کی تعلیم اور مسلح افواج کی قربانیوں پر مشتمل تقاریر کیں۔
تقریب کے اختتام پر شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔