زرعی یونیورسٹی میں گریجویشن ڈے منایا گیا
ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں ڈیپارٹمنٹ آف فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور فیکلٹی آف ہوم سائنسز کے زیر اہتمام گریجویشن ڈے کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی سے فارغ التحصیل طلباء کو چاہیے کہ نوکری کے حصول کی کوشش کرنے کی بجائے اپنا کاروبار شروع کرنے پر توجہ دیں، نوکریاں ڈھونڈنے کی بجائے نوکریاں دینے والے بنیں۔
اس تقریب کے موقع پر ڈاکٹر باسط نے طلباء و طالبات کو آگاہ کیا کہ وہ مستقبل کے حوالے سے کون کون سے مواقع کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور ان کو زندگی میں کن اصولوں پر عمل کرنا ہے تاکہ وہ کامیاب ہو سکیں اور اپنا نام بنا سکیں۔
ڈاکٹر باسط کے مطابق زندگی میں کامیاب رہنے کا ایک ہی اصول ہے اور وہ ہے صحیح سمت کوشش کرتے رہنا ۔انہوں نے مزید کہا کہ پروفیشنل لائف ایک سمندر ہے جہاں بچاؤ صرف ان لوگوں کا ہے جو مقابلہ کرنا اور مہارت حاصل کرنا جانتے ہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر عمر فاروق ڈین فیکلٹی آف فوڈ اینڈ ہوم سائنسز نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دو کشتیوں کے مسافر پار نہیں لگا کرتے اس لیے کوئی بھی فیصلہ لینے سے پہلے سوچ لیں تعلیم کے ساتھ نوکری کرنا کافی مشکل ہے۔
تقریب کے اختتام پر چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر محمد شہباز نے تمام مہمانوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا طلباء اور مہمانوں میں اسناد تقسیم کیں۔
تقریب کے اختتام پر طلباء نے اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا، اس موقع پر ڈاکٹر شبیر احمد، ڈاکٹر نگت رضا، ڈاکٹر سبط عباس،ڈاکٹر ندا فردوس اور محمد عثمان موجود تھے۔