گورنمنٹ سمرا پبلک سکول میں ہینڈ واش ڈے
گورنمنٹ سمرا پبلک سکول میں ہینڈ واش ڈے منایا گیا، اسمبلی میں طلبا سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل خالد محمود نے کہا کہ صفائی نصف ایمان اور قومی فریضہ ہے صفائی اور پاکیزگی ہمارے ایمان کا اہم حصہ ہے، ان کے بغیر ہماری کوئی عبادت بھی قبول نہیں ہو سکتی۔
پیارے آقا نبی آخر الزماں سیدنا محمد مصطفیﷺ کی حدیث مبارکہ کا مفہوم ہے کہ صفائی نصف ایمان ہے۔ اللہ تعالیٰ نے بھی قرآن پاک میں متعدد جگہوں پر صفائی اور پاکیزگی کا حکم دیا ہے۔
بحیثیت مسلمان ہمیں جسم کے ساتھ لباس، جگہ، ماحول اور روح کو بھی پاکیزہ رکھنے کی ہدایت فرمائی گئی ہے اور اس کے لئے انسان کو سب سے پہلے اپنا ذہن صاف رکھنا پڑتا ہے، تب ہی وہ اس مقام کو پا سکتا ہے جو نصف ایمان قرار دیا جا سکتا ہے۔
دنیا کا تقریباً ہر مذہب صفائی کی اہمیت پر زور دیتا ہے لیکن ان میں عام طور پر صرف ظاہری صفائی پر ہی توجہ دی جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ غیر مسلم خوراک میں پاکیزگی کی اہمیت کو نہ سمجھتے ہیں اور نہ ہی عمل کرتے ہیں جبکہ دینِ اسلام صفائی اور پاکیزگی کی بنیاد پر ہی حلال و حرام میں تفریق کرتا ہے۔
اس موقع پر طلباء نے صفائی کے حوالے سے پوسٹر اٹھائے ہوئے تھے، بعد ازاں طلبا کی ہینڈ واش کے حوالے سے ٹریننگ کرائی گئی ۔