پی ایس ایل سیزن 10 کی واپسی، بقیہ میچز لاہور منتقل

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے بقیہ تمام میچز راولپنڈی اور لاہور میں منعقد ہوں گے۔ یہ فیصلہ حالیہ ملکی سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، پی سی بی نے تمام فرنچائزز اور اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر لیگ کو اسی ماہ مکمل کرنے کی تیاری کر لی ہے۔ تمام ٹیموں کو اپنے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو واپس بلانے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل سیزن 10 کا آغاز 11 اپریل کو ہوا تھا اور اس میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جانے تھے۔
تاہم، حالیہ سیکیورٹی صورتحال کے باعث کچھ میچز یو اے ای منتقل اور بعد ازاں ملتوی کر دیے گئے تھے۔ اب ان میچز کو راولپنڈی اور لاہور میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دوسری ذرائع نے نے بتایا کہ ایک تجویز یہ بھی ہے کہ تمام میچز لاہور میں کھیلے جائینگے ، تاہم پی سی بی جلد ہی ان میچز کا نیا شیڈول جاری کرے گا، جس میں تاریخیں اور مقامات شامل ہوں گے۔ یہ فیصلہ کھلاڑیوں اور شائقین کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
پی سی بی نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ وہ کھلاڑیوں، شائقین اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی سلامتی کو اولین ترجیح دیتا ہے اور ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔