ہاکی اکیڈمی اور دانش پبلک سکول پنجاب کے مابین میچ کا انعقاد
ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے بدقسمتی سے کچھ عرصہ ہم اس کھیل پر توجہ نہ دے سکے، جس کی وجہ سے یہ کھیل زبوں حالی کا شکار ہوگیا، سفیر حسین نقوی کی سربراہی میں سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان نے دی آرٹ آف ملتان آسٹرو ٹرف ہاکی اسٹیڈیم میں ہاکی اکیڈیمی قائم کرکے احسن اقدام کیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار معروف سماجی شخصیت چوہدری اشفاق اور خالد عزیز نے ملتان آسٹروٹرف ہاکی اسٹیڈیم میں سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ہاکی اکیڈیمی اور دانش پبلک سکول پنجاب کے مابین کھیلے جانے والے ہاکی میچ کے موقع پر کھلاڑیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر خرم نقوی محمد ارسلان بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ گراس روٹ لیول پر شروع کیا جانے والا کوئی بھی کام کے دور رس نتائج حاصل ہوتے ہیں، ابتداء میں ہی اگر بچوں کو بہترین سہولیات کے ساتھ اچھے کوچز کی رہنمائی مل جائے تو ان کا مستقبل محفوظ ہو جاتا ہے، سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان ہاکی اکیڈیمی کو آغاز سے ہی ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر فاروق لطیف کی سرپرستی میں چیف کوآرڈینیٹر سفیر حسین نقوی کی خدمات حاصل ہیں جو کہ ہاکی کے فروغ کے لیے خوش آئند ہے۔
دریں اثناء کھیلے گئے میچ میں دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور میچ چار چار گول سے برابر رہا۔