زکریا یونیورسٹی میں ہاسٹل کے طلباء کا احتجاج ، مذاکرات کے بعد وائس چانسلر ہاؤس کا گھیراؤ ملتوی
سموگ ایس اوپیز کے تحت زکریا یونیورسٹی ملتان میں ہاسٹلز کو بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، جس کی وجہ سے دوسرے صوبوں سے آنے والے طلباء اور ریسرچ سکالرز پریشانی کا شکار ہیں۔
ان کاکہنا ہے کہ ان کے پریکٹیکل و امتحانات چل رہے ہیں، اسی طرح ایگری کے طلباء کے پراجیکٹ جاری ہیں، فوری ہاسٹلز چھوڑنا ممکن نہیں، اس لئے ہمیں اجازت دی جائے۔ جس پر اسلامی جمعت طلباء نے احتجاج کی کال دی کہ شام میں وائس چانسلر ہاوس کا گھیراؤ کیا جائے گا۔
طلباء نے احتجاج شروع کیا تو آر او ڈاکٹر مقرب اکبر اور سیکورٹی آفیسر مرید عباس موقع پر پہنچ گئے، جمعیت کے ناظم داؤد بلوچ کا کہنا تھا کہ ہاسٹل فوری کھولے جائیں، ایسے حالات میں واپس گھر نہیں جاسکتے۔
انتظامی افسروں کا کہنا تھا کہ طلباء کی تعداد 14سو سے زائد ہے، ایک ہاسٹل میں بھی منتقل نہیں کیا جا سکتا ہے جبکہ حکومت کی طرف سے سختی کی گئی ہے، مذاکرات کے بعد طلباء سے درخواستیں لے لی گئیں جو آج وائس چانسلر کی یونیورسٹی آمد پر پیش کی جائیں گی۔
ہاسٹل کھولنے کاحتمی فیصلہ وائس چانسلر کریں گے، جس پر طلباء نے آج تک احتجاج موخر کردیا۔