سکول سیکورٹی گارڈ کے خلاف انکوائری شروع

مظفرگڑھ کے گرلز ہائی سکول میں سکیورٹی گارڈ کی طالبہ سے مبینہ زیادتی کے واقعہ پر سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے نوٹس لے لیا، انکوائری کمیٹی قائم کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ٹبہ کریم آباد میں سکیورٹی گارڈ کی لڑکی سے مبینہ زیادتی کے واقعہ پر سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور نے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
اس سلسلے میں ڈائریکٹر ایجوکیشن (سکینڈری) آفس ملتان ڈویژن کے ایڈیشنل ڈائریکٹر شوکت شیروانی کی سربراہی میں ڈائریکٹر (ایلیمنٹری) تسنیم اختر اور ہیڈ مسٹریس گورنمنٹ گرلز ہائی سکول مونڈکا مظفر گڑھ ساجدہ بی بی پر مشتمل تین رکنی انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے، جو پندرہ دن کے اندر واقعہ کے اصل حقائق سکول انتظامیہ کی غفلت اور واقعہ کے ذمہ داران کا تعین کر کے سیکرٹری ایجوکیشن کو رپورٹ پیش کرے گی۔