ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس کا ملتان سٹیڈیم اور ہوٹلز کا دورہ

ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب ڈاکٹر احسان صادق نے ریجنل پولیس آفیسر ملتان کے ہمراہ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم اور رمادہ ہوٹل میں کھلاڑیوں کی رہائشگاہ پر سیکیورٹی کیلئے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔
ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس نے کہا کہ انٹرنیشنل میچز کا ملتان میں انعقاد جنوبی پنجاب کی عوام کے لیے تحفہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس ہر طرح کے حالات و میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ہر لمحہ تیار ہے۔
ڈاکٹر احسان صادق نے سیکیورٹی ملازمان کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے 6000 جوان سیکیورٹی پر تعینات ہیں ۔
اس کے علاوہ پاکستان آرمی سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت بھی حاصل ہے ۔
ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ ملتان میں انٹرنیشنل کرکٹ میچز کے انعقاد سے عوام کو تفریح کا موقع میسر ہو گا۔
انہوں نے ٹریفک افسران کو ہدایت کی کہ ٹریفک کے نظام کو متاثر نا ہونے دیا جائے، بلکہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے متبادل راستوں کا استعمال یقینی بنایا جائے ۔
ڈاکٹر احسان صادق نے کہا کہ اس اہم موقع پر عوام سیکیورٹی کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے اداروں کے ساتھ تعاون کریں ، تاکہ پر امن ماحول میسر ہو۔
اس موقع پر سٹی پولیس آفیسر ملتان اور پاکستان آرمی کے اعلیٰ افسران نے سیکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دی۔