جامعہ زکریا : اسلامک ریسرچ سنٹر میں بین المذاہب ہم آہنگی سیمینار کا انعقاد

بہاءالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے زیرِ اہتمام بین المذاہب ہم آہنگی کے موضوع پر ایک روزہ فکری و علمی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جو ‘پیغام پاکستان’ کے تحت تھا۔جس میں مختلف مذاہب، مکاتبِ فکر، اور تعلیمی اداروں سے وابستہ اہلِ علم و دانش نے شرکت کی۔
یہ سیمینار باہمی احترام، رواداری اور مکالمے کے فروغ کی ایک مؤثر کوشش ثابت ہوا، جسکی صدارت پروفیسر ڈاکٹر عبد القدوس صہیب، ڈائریکٹر اسلامک ریسرچ سنٹر نے کی، انہوں نے کہا کہ اسلام نے ہمیشہ عدل، رواداری اور بقائے باہمی کا درس دیا ہے۔ قرآن و سنت کی تعلیمات غیر مسلموں سے حسنِ سلوک اور انصاف پر زور دیتی ہیں، جو بین المذاہب ہم آہنگی کا بنیادی ستون ہے۔
مہمانِ خصوصی بشپ سموئیل ازاریا (ڈائریکٹر، کرسچن اسٹڈی سنٹر) نے کہا کہ تمام مذاہب کا مرکزی پیغام محبت، امن اور انسانیت کا احترام ہے، معاشرے میں پائیدار ہم آہنگی اسی وقت ممکن ہے جب ہم ایک دوسرے کے عقائد کو خندہ پیشانی سے قبول کریں۔
معروف مسیحی اسکالر کرسٹوفر شرف نے اپنے خطاب میں کہا کہ "بین المذاہب مکالمہ اس وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ تعصب، نفرت اور غلط فہمیوں کے اندھیروں کو صرف فہم، برداشت اور سنجیدہ مکالمہ ہی روشنی میں بدل سکتے ہیں۔”
اس بصیرت افروز نشست میں ادارہ علوم اسلامیہ سے تعلق رکھنے والے ممتاز اساتذہ اور محققین نے شرکت کی، سیمینار میں طلبہ و طالبات کی بھی بڑی تعداد شریک رہی، جنہوں نے بین المذاہب مکالمے میں گہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔
سیمینار کے اختتام پر اسلامک ریسرچ سنٹر کی جانب سے مہمانوں کے اعزاز میں پر تکلف چائے کا اہتمام کیا گیا، جہاں باہمی گفتگو، تعارف اور علمی تبادلہ خیال نے اس مجلس کو مزید بارآور بنا دیا۔
یہ سیمینار بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور معاشرتی ہم بستگی کی سمت ایک مؤثر قدم ثابت ہوا، جو محبت، احترام اور مکالمے پر مبنی ایک مہذب معاشرے کے خواب کو حقیقت سے ہم کنار کرنے کی کوشش ثابت ہوگی۔