جرائم کی روک تھام کے لئے بین الصوبائی ویڈیو لنک اجلاس

انسپکٹر جنرل پولیس سندھ غلام نبی میمن اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب ڈاکٹر احسان صادق کی زیر صدارت بین الصوبائی ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا ، جس میں جنوبی پنجاب پولیس سے آر پی او ڈیرہ غازی خان چوہدری محمد سلیم ، آر پی او بہاولپور صادق علی ڈوگر ، ڈی آئی جی ایڈمنسٹریشن اینڈاسٹیبلشمنٹ جنوبی پنجاب عمران شوکت، ڈی پی او رحیم یار خان اور ڈی پی او راجن پور جبکہ سندھ پولیس کی جانب سے ڈی آئی جی لاڈکانہ، ڈی آئی جی سکھر،ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز ،اے آئی جی آپریشنز ڈی پی او گھوٹکی، ڈی پی او شکار پور، ڈی پی او کشمور اور ڈی پی او سکھر نے شرکت کی۔
ایڈیشنل آئی جی ڈاکٹر احسان صادق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے پولیس افسران کو کچہ کے علاقہ ضلع رحیم یار خان اور راجن پور میں جاری آپریشن کے نمایاں پہلوؤں، سندھ سے ملحقہ علاقوں میں درپیش مسائل اور آپریشن میں مرحلہ وار کامیابیوں سے متعلق آگاہ کیا ۔
انسپکٹر جنرل پولیس سندھ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے افسران کو آگاہ کیا کہ کچہ کے علاقے سے مجرمان کا خاتمہ ایک قومی فریضہ ہے، انہوں نے یقین دلایا کہ سندھ پولیس آپریشن کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن سپورٹ مہیا کرے گی۔
بین الصوبائی مشترکہ اجلاس میں کچہ آپریشن کو کامیاب بنانے کے لیے اہم فیصلے بھی کیے گئے ۔
آر پی او بہاولپور اور ڈی آئی جی سکھر کو دونوں صوبوں کے مابین فوکل پرسن مقرر کیا گیا، دونوں صوبے خفیہ اطلاعات، اشتہاریوں اور انکے سہولت کاروں سے متعلق معلوم کا تبادلہ کریں گے، کچہ کے علاقہ سے ملحقہ اضلاع کے ضلعی و ریجنل افسران ہفتہ وار میٹنگ کا انعقاد یقینی بنائیں گے، اور 15 یوم بعد آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب دوبارا آپریشن کے جائزہ کے حوالے سے اجلاس کریں گے۔
اجلاس کے اختتام پر ایڈیشنل آئی جی ڈاکٹر احسان صادق نے آئی جی سندھ اور سندھ پولیس کے دیگر اعلیٰ افسران کا شکریہ ادا کیا، اور عزم کیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے سماج دشمن عناصر کا قلع قمع کیا جائے گا۔