Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

انٹرمیڈیٹ پارٹ فرسٹ کے سینکڑوں طلبا و طالبات کا مستقبل داؤ پر لگ گیا، الرٹ جاری

انٹرمیڈیٹ پارٹ فرسٹ کے امتحانات 20 مئی سے شروع ہورہے ہیں مگر سینکڑوں طلبا وطالبات کی رولنمبر سلپ روک لی گئی ہے جن کی رجسٹریشن آئیڈیل کالج سے کی گئی تھی جو تعلیمی بورڈ ملتا ن کا تین کروڑ روپے سے زائد ڈیفالٹر نکلا۔

جس پر تعلیمی بورڈ ملتان الرٹ جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ آئیڈیل کالج آف سائنس اینڈ کامرس (گرلز+بوائز) نیو ملتان، ملتان کی انتظامیہ نے انٹر پہلا سالانہ امتحان 2025 پارٹ فرسٹ کے طالب علموں کو رجسٹرڈ کرنے کے لیے 4 مارچ کو ملتان بورڈ میں بذریعہ پورٹل درخواست گزاری جو کہ تعلیمی بورڈ ملتان ادارہ کی جانب سے شیڈول کے مطابق مروجہ فیس و جرمانہ ادا نہ ہونے کی وجہ سے تاحال زیر التواء ہے۔

متعدد بار یاددہانی خطوط ارسال کرنے کے باوجود مذکورہ بالا ادارے نے اب تک طلباء و طالبات تعلیمی سیشن انٹر سال2024-26 کی انرولمنٹ فیس ادا نہ کی ہے نہ ہی داخلہ فارم بمعہ داخلہ فیس موصول ہوئے ہیں۔

معاملہ کی حساسیت کے پیش نظر کمشنر ملتان ڈویژن / چیئرمین تعلیمی بورڈ ملتان کے احکامات کی روشنی میں ایک تحقیقاتی کمیٹی نے ادارہ جات کے دورہ کے دوران ریکارڈ کی چھان بین کی اور اب یہ حقائق سامنے آئے ہیں کہ آئیڈیل کالج (گرلز اینڈ بوائز) ملتان نے ملتان ڈویژن کے مختلف مقامات پر موجود غیر رجسٹرڈ ادارہ جات/اکیڈمیز کے طلباء و طالبات کو اپنے ادارہ سے غیر قانونی طور پر بورڈ کے ساتھ رجسٹر کروانے کی کوشش کی۔

اداروں کا یہ اقدام غیر قانونی ہے اور اس کی تمام تر ذمہ داری مندرجہ بالا اداروں پر ہے، اور ادارہ جات کے اس غیر قانونی اقدام پر بورڈ انتظامی اور قانونی چارہ جوئی کرے گا۔

تاہم مذکورہ طالب علموں یا ان کے والدین میں سے اگر کوئی انفرادی طور پر مجوزہ فیس(انرولمنٹ فیس و جرمانہ+ داخلہ فیس و جرمانہ ) کی ادائیگی 17 مئی تک بورڈ کے اکاونٹ میں جمع کرادیتا ہے تواس صورت میں چیئرمین چاہیں تو ہارڈ شپ کے صوابدیدی اختیارات کے تحت انٹر پارٹ فرسٹ پہلا سالانہ امتحان 2025 کے لیے انرولمنٹ ، داخلہ اور امتحان میں شرکت کی اجازت دے سکتے ہیں تاکہ طلباء کا تعلیمی سال ضائع ہونے سے بچایا جاسکے۔

تمام والدین اور طلباء و طالبات کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ وہ صرف ملتان بورڈ سے الحاق شدہ گورنمنٹ/پرائیویٹ ادارہ جات میں باقاعدہ داخلہ لے کر ان ادارہ جات میں اپنی تعلیم مکمل کریں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button