ویمن یونیورسٹی میں تین روزہ انٹرنیشنل کانفرنس آج سے شروع ہوگی
ویمن یونیورسٹی ملتان کے شعبہ انگریزی کے زیر اہتمام تیسری انٹرنیشنل کانفرنس 9 دسمبر سے شروع ہوگی۔
ترجمان کے مطابق شعبہ انگریزی کے زیر اہتمام سالانہ انٹرنیشنل کانفرنس دسمبر سے شروع ہوگی جس کا عنوان’’ لسانیات اور کثیر الضابطہ تحقیق2024‘‘رکھا گیا ہے۔
تین روزہ کانفرنس کی سرپرست وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ ہوں گی جبکہ فوکل پرسن چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر میمونہ خان ہوں گی۔
کانفرنس میں سو سے زائد غیر ملکی اور ملکی سکالرز اپنے ریسرچ پیپرز پیش کریں گے، یہ کانفرنس لسانیات کے حوالے سے نیا سنگ میل ثابت ہوگی۔
اس کانفرنس کا مقصد سکالرز کو ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جہاں , محققین اور سکالرز کی تازہ ریسرچ کو ایک دوسرے ساتھ شیئر کرسکیں گے۔
اس کانفرنس کا تصور ماہرین تعلیم، محققین، اور متنوع تعلیمی شعبوں سے تعلق رکھنے والے پیشہ ور افراد کے اجتماع کے طور پر کیا گیا ہے، جو بین الضابطہ تبادلے کے لیے سازگار ماحول پیدا کرتا ہے۔ یہ کانفرنس جدید تحقیقی طریقہ کار، جدید مطالعہ، اور لسانیات، ادب اور متعلقہ کثیر الضابطہ شعبوں میں ابھرتے ہوئے رجحانات کی پیشکش اور بحث کے لیے ایک فورم کے طور پر کام کرے گی۔
کانفرنس میں ڈاکٹر شرلی آر سٹینبرگ یوزرسٹی آف کیلگری،ڈاکٹر جیکلن ٹرائے یونیورسٹی آف سڈنی،ڈاکٹر محمد افضال شنگھائی یونیورسٹی چین،ڈاکٹر ہلمن بن حمزہ اترا یونیورسٹی ملائشیا،ڈاکٹر ڈیکو لائی ہانگ کانگ،ڈاکٹر ایلس گیبری،ڈاکٹر نویرا بنت یاسوف ملائشیا، ڈاکٹر علی جلیان ملائشیا،ڈاکٹر ہیوئے فن ملائشیا،ڈاکٹر علی کاکس ، فیبیو ڈی لیونارڈس شنگھائی انٹرنیشنل ،ڈاکٹر رابعہ محمود ترکی، ڈاکٹر بشارت فتحی بارسولانا سپین ، ڈاکٹر جی وینڈولائن امریکا، جبکہ پاکستان سے ڈاکٹر مبینہ طلعت زکریا یونیورسٹی ملتان ، ڈاکٹر ضیا احمد ایمرسن یونیورسٹی ملتان، ڈاکٹر فوزیہ جنجوعہ اسلامک انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد ، ڈاکٹر منتظر مہدی نمل اسلام آباد اور ڈاکٹر محمد اسلم جی سی یونیورسٹی فیصل آباد خصوصی شرکت کریں گے ۔