’اردو ناول کا معاصر منظر نامہ‘‘ انٹرنیشنل کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی

ویمن یونیورسٹی میں جاری اردو کی انٹرنیشنل کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی۔
ترجمان کے مطابق شعبہ اردو کے زیر اہتمام ہونے والی پہلی انٹرنیشنل کانفرنس کا عنوان’’اردو ناول کا معاصر منظر نامہ‘‘ تھا۔
کانفرنس کے دوسرے روز کے پہلے سیشن کا بنیادی موضوع اردو ناول موضوعاتی و تکنیکی تنوعات/امتیازات تھا۔
اس سیشن کی صدارت پروفیسر ایمراطس پروفیسر ڈاکٹر شگفتہ حسین نے کی، مہمان اعزاز پروفیسر ڈاکٹر روبینہ رفیق سابق صدر نشین شعبہء اردو اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور جبکہ مہمان خصوصی ڈاکٹر فرزانہ کوکب صدر نشین شعبہء اردو بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان تھیں۔
اس سیشن میں کانفرنس ڈاکٹر راشدہ قاضی، ڈاکٹر خاور نوازش ، ڈاکٹر محمد آصف ، ڈاکٹر ساجد جاوید ، ڈاکٹر راشد سعیدی نے مقالے پیش کئے۔
دوسرا سیشن دو متوازی حصوں میں تقسیم کیا گیا، پہلا متوازی سیشن بین الاقوامی مندوبین کے کانفرنس کے اہم موضوعات پر اظہارِ خیال پر مشتمل تھا۔
اس سیشن کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر لیاقت علی استاد شعبہء اردو اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے کی۔ مہمانانِ اعزاز ڈاکٹر ریاض ہمدانی ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس ساہیوال ڈویژن اور ڈاکٹر غلام اصغر استاد شعبہء اردو اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور تھے۔
اس سیشن میں ناول کے عالمی منظرنامے پر بین الاقوامی مندوبین شبیر احمد(انڈیا)، رحمٰن عباس (انڈیا), شہاب اعظمی(انڈیا)، صفدر زیدی (ہالینڈ), سربجیت سنگھ اروڑا (کینیڈا) نے اظہارِ خیال کیا۔
دوسرے متوازی سیشن میں پی۔ایچ۔ڈی طالبات کے علاوہ ملتان کے دیگر اداروں سے تعلق رکھنے والی خواتین اساتذہ نے چند ناول نگاروں کے خصوصی مطالعات پیش کیئے۔ ان مقالہ نگاروں میں ڈاکٹر فرحین ندیم، ڈاکٹر زرغونہ کنول ،ساجدہ اسلم اور حافظہ کہکشاں علی شامل تھیں ۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن شعبہ اردو ڈاکٹر عذرا لیاقت نے کہا کہ یہ کانفرنس اردو کی ترویج میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی، خوشی ہے کہ ویمن یونیورسٹی اور انٹرنیشنل کانفرنس منعقد کرانے میں کامیاب رہی جس کے اثرات دنیا میں اردو بولنے والوں تک پہنچیں گے۔
امید کرتے ہیں مستقبل میں یہ کانفرنس یونیورسٹی کے کلینڈر میں شامل رہے گی تاکہ اردو ناقدین کو اپنی تحقیقات کو پیش کرنے کےلئے پلیٹ فارم میسر رہے۔
آخر میں شرکاء میں شیلڈ تقسیم کی گئیں ۔