Paid ad
Breaking NewsNationalتازہ ترین

معروف کوہ پیما ‘ لٹل کریم’ ہم میں نہ رہے

پاکستان کے شمالی علاقوں کے ہیرو اور بین الاقوامی شہرت یافتہ کوہ پیما لٹل کریم ہم میں نہ رہے۔‏

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی کوہ پیما لٹل کریم 72 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، ‏لٹل کریم جگر کے کینسر میں مبتلا تھے, اور سی ایم ایچ راولپنڈی میں دو ماہ سے زیر علاج تھے جہاں آج وہ اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔

معروف کوہ پیما لٹل کریم کا تعلق بلتستان کے ضلع گھانچے کے گاؤں ہُشے سے تھا، لٹل کریم نے بغیر آکسیجن کے کئی چوٹیاں سر کیں، انہیں بغیر کسی اضافی آکسیجن کے 8,035 میٹر اونچے گشربروم کو سر کرنے کا اعزاز بھی حاصل رہا۔

لٹل کریم نے 70 کی دہائی میں کوہ پیمائی شروع کی لیکن انہیں عالمی شہرت تب ملی جب 80 ء کی دہائی میں 25 کلو گرام وزن کے ساتھ8 ہزار میٹر سے زائد بلند پہاڑ کی چوٹی پر پہنچے تھے۔

ان کی ایک وجہ شہرت یہ بھی ہے کہ جب سوئزر لینڈ کی لہو جمانے دینے والی یخ بستہ سردی میں سوئزرلینڈ سے ہی تعلق رکھنے والی ایک خاتون دریا میں ڈوب رہی تھی اور کوئی بھی اسے بچانے کے لیے تیار نہیں تھا تو لٹل کریم نے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے اسے بچانے کے لیے دریا میں چھلانگ لگادی تھی۔

مگر دنیا لٹل کریم کے نام سے اس وقت آشنا ہوئی جب وہ دنیا بھر کے کوہ پیماؤں کے ساتھ کے ٹو سر کرنے والی ٹیم میں شامل ہوئے تو مغربی دنیا کے کوہ پیماؤں نے چھوٹے قد کی وجہ سے انہیں لٹل کریم کہنا شروع کیا حالانکہ وہ کوہ پیمائی 1970 سے کررہے تھے۔

لٹل کریم کے کارناموں پر فرانس نے تین دستاویزی فلمیں بنائیں، ان پربنائی جانے والی ایک دستاویزی فلم کا نام ’لٹل کریم‘ رکھا گیا تھا جب کہ دیگر دو فلموں کے نام ’اپو کریم‘ اور ’مسٹر کریم‘ تھے، یہ دستاویزی فلمیں فرانس کے ایک نجی ٹی وی چینل نے بنائی تھیں۔

لٹل کریم کی زندگی پر بننے والی فلم کو مغرب میں بیسٹ فلم ایوارڈ دیا گیا، لٹل کریم 1997 میں بیسٹ ڈاکومنٹری فلم کی جیوری کمیٹی کے صدر منتخب ہوئے جس کے بعد انہیں فرانس مدعو کیا گیا تھا۔

لٹل کریم معروف پرتگالی سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کے بڑے مداح تھے، سال دوہزار اٹھارہ کرسٹیانو رونالڈو نے ان سے اسپین میں ملاقات کی، رسٹیانورونالڈو نے لٹل کریم کے ساتھ7نمبر کی شرٹ کا تبادلہ کیا تھا ، فٹبال میچوں میں کرسٹیانو رونالڈو اور کوہ پیمائی کے دوران لٹل کریم 7نمبر کی شرٹ استعمال کرتے ہیں اور یہی ان دونوں میں قدر مشترک تھی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button