ویمن یونیورسٹی: دو روزہ بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس شروع ہوگئی

ویمن یونیورسٹی ملتان کے شعبہ اسلامک سٹڈیز کے زیر اہتمام چوتھی دو روزہ بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس ہوگئی۔
ترجمان کے مطابق ویمن یونیورسٹی ملتان کے شعبہ اسلامیات کے زیر اہتمام دو روزہ سیرت النبیﷺ کانفرنس شروع ہوگئی، رواں برس کانفرنس کا عنوان ’’معاصر سماج میں مساوی انصاف اور امن و سلامتی کو درپیش چیلنجز اور ان کا حل سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں‘‘ رکھا گیا ہے۔
افتتاحی تقریب کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کی جبکہ مہمان خصوصی وائس چانسلر محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق رجوانہ نے شرکت کی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا یہ حقیقت ہے کہ سماجی انصاف کے بغیر کسی بھی معاشرے کا بقاء اور اس کی ترقی ممکن نہیں، رسول اللہ نے مساوات برابری اور حقوق کی فراہمی کی بنیاد پر ایک مدنی معاشرہ کی تشکیل دی، رسول اکرم کی بنیادی ہدایت تھی کہ ہر فرد کو یکساں طور پر برابری کے مواقع دیئے جائیں خواہ وہ کسی بھی طبقے رنگ نسل مذہب سے تعلق رکھتا ہو۔
ہمارے ملک میں سیاسی بحران اور اقتدار کی کشمکش معاشی استحکام اور سماجی امن کے لئے بہت بڑا چیلنج ہے۔
انہوں نے کہا کہ رسول پاک نے امن کو فروغ دینے کے لیے کئی اصول وضع کیے ہیں جن کے ذریعے ایک متوازن اور پر امن معاشرہ قائم کیا جا سکتا ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر نگار سجاد ظہیر سابقہ صدر شعبہ اسلامی تاریخ ،کراچی یونیورسٹی اور ڈاکٹر زید ملک اسسٹنٹ پروفیسر ،ٹرانسلیشن سینٹر ،کنگ سعود یونیورسٹی ریاض نے اپنے ریسرچ پیپر پیش کئے۔
پہلے ٹیکنیکل سیشن کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر سعید الرحمن(صدر شعبہ علوم اسلامیہ انسٹیٹوٹ آف سدرن پنجاب ملتان) نے کی پہلے روز 80 سے زائد سکالرز نے اپنے ریسرچ پیپر ز پیش کئے۔
پہلے سیشن کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا کہ اس وقت دنیا بہت بڑے چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے، جس میں ایک اہم مسئلہ امن و سلامتی اور مساوی انصاف کی عدم فراہمی ہے جس سے نہ صرف معاشرے کی امن و سلامتی بلکہ قوموں کے تصادم کا بھی خطرہ ہے اس وقت ضرورت اس عمل کی ہے کہ ہم معاشرے میں مساوی انصاف کو فوری اور آسان بنائیں تاکہ نہ صرف مسلم معاشرہ بلکہ پوری انسانیت کو امن و سلامتی کے ساتھ رہنا نصیب ہو۔
آخر میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے سپیکرز میں شیلڈز تقیسم کی ۔