ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں انٹرن شپ پروگرام کی ریکروٹمنٹ کمیٹی کا اجلاس
سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل کی زیر صدارت ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں انٹرن شپ پروگرام کی ریکروٹمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقدہوا۔
اجلاس میں وائس چانسلر ایم این ایس زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر آصف علی، ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس جنوبی پنجاب امتیاز احمد وڑائچ، ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع ڈاکٹر محمد انجم علی بُٹر، ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر پروفیسر ڈاکٹر شفقت سعید و دیگر ممبران نے شرکت کی۔
سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ حکومت پنجاب نے کپاس کی پیداوار بڑھانے کیلئے زرعی تعلیم حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کیلئے انٹرن شپ پروگرام کا آغاز کیا ہے، جس کیلئے حکومت پنجاب نے 150 ملین روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے، انٹرن شپ پروگرام کے تحت 2 ہزار طلباء و طالبات کو شامل کیا جائے گا۔
سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے مزید کہا کہ اس پروگرام کے تحت انٹرنیز کو 20 ہزار روپے ماہانہ معاوضہ دیا جائے گا۔ بی ایس سی آنرز ایگریکلچر کا ساتواں سمسٹر پاس کرنے والے سٹوڈنٹس درخواست دینے کے اہل ہوں گے ، جبکہ ایم ایس سی آنرز میں انرولمنٹ کرانے والے سٹوڈنٹس بھی درخواستیں جمع کراسکتے ہیں۔
اجلاس میں متفقہ طور پر آن لائن درخواستیں جمع کرانے کی تاریخ 10 جون تک بڑھا دی گئی، اور یہ بھی فیصلہ ہوا کہ انٹرن شپ پروگرام میں درخواست دینے کیلئے موٹر سائیکل کا لرنر (Learner) لائسنس رکھنے والے سٹوڈنٹس بھی اہل ہوں گے۔
انٹرنیز کو مقامی رہائشی تحصیلوں میں کپاس کی نگہداشت کیلئے کاشتکاروں کی رہنمائی کی فراہمی پر معمور کیا جائے گا۔