جامعہ العلوم ہائی سکول نیو ملتان میں اپنی مدد آپ کے تحت 25 کلو واٹ کے سولر پینل کی تنصیب

ڈپٹی کمشنر ملتان سید محمد علی بخاری نے کہا ہے کہ بچوں کے حقوق کا تحفظ ہماری قومی ذمہ داری ہے، سرکاری سکولوں میں سازگار تعلیمی ماحول کے لیے بچوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے تاکہ ملک کے ہر بچے کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جا سکے۔
ان خیالات کے اظہار انہوں نے گورنمنٹ جامعہ العلوم ہائی سکول نیو ملتان میں اپنی مدد آپ کے تحت 25 کلو واٹ کے سولر پینل کی تنصیب کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن ملتان ڈاکٹر صفدر حسن واہگہ، مسلم لیگی رہنما سید بابر شاہ، ڈی ای او سکینڈری منور کمال، پرنسپل سکول عابد حسین سیال، سینئر سماجی رہنما میاں نعیم ارشد ،ماہر تعلیم و دانشور ظفر خان بابر ،ممتاز عالم دین غلام شبیر سواگی ، شیخ ارشد محمود ایڈوکیٹ اور سکول کونسل کے ممبران بھی موجود تھے ۔
مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر ملتان سید محمد علی بخاری نے مزید کہا کہ مخیر افراد کے تعاون سے سولر پینل کی تنصیب احسن اقدام ہے۔ پرنسپل عابد حسین سیال مبارکباد کے مستحق ہیں ان کی کارکردگی لائق تحسین اور دیگر ہیڈز کیلئے اچھی مثال ہے ۔
سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ نے کہا کہ ضلع ملتان کے تمام سرکاری سکولوں کو مرحلہ وار سولر پینل پر منتقل کریں گے، اس سے بجلی کے بھاری بلوں سے نجات ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری سکولوں کی بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں تاکہ بچوں کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کر سکیں ۔