بڑھاپا روکنے کے لیے جاپانی سائنس دانوں ویکسیئن تیار کرلی
بڑھاپے اور موت سے دوچار کرنے والے زومبی سیلز کے خلاف جاپانی سائنس دانوں نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک حیرت انگیز ویکسین تیار کر لی ہے۔
جاپانی ماہرین نے ایک ایسی ویکسین تیار کر لی ہے جس کے استعمال سے بڑھاپا روکنا اب ممکن ہو سکے گا، یہ ویکسین عمر رسیدگی کو روکنے اور مختلف امراض سے بچاؤ اور موت کے خطرے کو بڑھانے والے ‘زومبی خلیوں’ کے خلاف کام کرتی ہے۔
جاپانی تحقیقی ٹیم کے مطابق انھوں نے زومبی سیلز کو ختم کرنے کے لیے ایک ویکسین تیار کر لی ہے، یہ وہ سیل ہوتے ہیں جو عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ جمع ہوتے رہتے ہیں اور قریبی خلیات کو نقصان پہنچاتے ہیں، جس کی وجہ سے شریانوں میں سختی سمیت عمر بڑھنے سے متعلق بیماریاں لاحق ہو جاتی ہیں۔
اس تحقیق کے نتائج جمعے کو جریدے نیچر ایجنگ میں شائع ہوئے، جنٹینڈو یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر ٹورو مینامینو کی ٹیم کے تجرباتی نتائج میں بتایا گیا کہ چوہوں پر کیے جانے والے تجربات کی بدولت پتا چلا کہ یہ ویکسین زومبی خلیوں میں کمی کا باعث بنی ہے۔
اس کے علاوہ یہ ویکسین چوہوں میں شریانوں کو سخت بنانے والے زومبی خلیوں میں کمی کے لیے بھی مؤثر ہے۔ان زومبی سیلز کو طبی طور پر سینیسینٹ خلیات (senescent cells) کہا جاتا ہے جو پرانے اور بیمار خلیات ہوتے ہیں، یہ تقسیم ہونا بند کر دیتے ہیں اور خود کو صحیح سے ٹھیک نہیں کر پاتے، اور جب انھیں مر جانا چاہیے تو یہ مرتے نہیں، اس کی بجائے یہ ایبنارمل طور پر کام کرنے لگتے ہیں اور ایسے مادے خارج کرتے ہیں جو ارد گرد کے صحت مند خلیات کو ہلاک کر دیتے ہیں اور سوزش کا باعث بنتے ہیں۔
ڈاکٹر مینامینو نے بتایا کہ یہ ویکسین شریانوں کی سختی، ذیابیطس اور عمر رسیدگی کا باعث بننے والے دیگر امراض کو روکنے میں بھی معاون ہو سکے گی۔
مذکورہ تحقیقی ٹیم نے انسانوں اور چوہوں میں زومبی خلیوں میں پائے جانے والے ایک پروٹین کی نشان دہی کی، اور پھر امینو ایسڈ پر مبنی ایک پیپٹائڈ (امینو ایسڈز کا ایک مختصر سلسلہ) ویکسین بنائی جو پروٹین کو تشکیل دیتی ہے۔یہ ویکسین جسم کو اینٹی باڈیز بنانے کے قابل بناتی ہے، یہ اینٹی باڈیز خود کو زومبی خلیوں سے منسلک کر دیتی ہیں، ان خلیوں کو پھر خون کے سفید خلیات اس لیے ختم کر دیتے ہیں کیوں کہ وہ اینٹی باڈیز سے جڑے ہوتے ہیں۔
جب ٹیم نے شریانوں کی سختی والے چوہوں کو یہ تجرباتی ویکسین لگائی، تو بہت سے جمع ہونے والے زومبی سیلز ختم ہو گئے اور بیماری سے متاثرہ مقامات سکڑ گئیں۔ ٹیم کے مطابق، جب بوڑھے چوہوں کو ویکسین لگائی گئی تو ان کی کمزوری کی نشوونما غیر ویکسین شدہ چوہوں کی نسبت سست دیکھی گئی۔
ٹیم کا کہنا ہے کہ زومبی سیلز کو ہٹانے کے لیے موجود بہت سی دوائیں کینسر مخالف ایجنٹس کے طور پر استعمال ہوتی ہیں، اور ان کے منفی ضمنی اثرات ہیں، تاہم نئی ویکسین کے ضمنی اثرات کم ہیں، جب کہ اس کی افادیت زیادہ دیر تک رہتی ہے۔