ایمرسن یونیورسٹی میں دو روزہ جاب فیئر شروع ہوگیا

ایمرسن یونیورسٹی ملتان کے ڈائریکٹوریٹ آف ٹریننگ اینڈ انٹرن شپ کے زیر اہتمام دو روزہ جاب فیئر شروع ہوگیا، جاب فیئر کا افتتاح وائس چانسلر ایمرسن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان نے کیا۔
ایونٹ میں پاکستان بھر سے بیس سے زائد معروف قومی و بین الاقوامی ملٹی نیشنل کمپنیوں نے بھرپور شرکت کی، جنہوں نے نوجوانوں کو روزگار اور انٹرن شپ کے قیمتی مواقع فراہم کیے۔
جاب فیئر میں سینکڑوں طلبہ و طالبات نے شرکت کی اور مختلف کمپنیوں کے اسٹالز کا وزٹ کرتے ہوئے معلومات حاصل کیں۔
اس موقع پر کمپنیوں کی جانب سے فائنل سمیسٹر کے طلباء و طالبات کو ملازمتوں کی پیشکش کی گئی، جبکہ متعدد طلباء کو انٹرن شپ پروگرامز کے لیے منتخب بھی کیا گیا۔ جاب فیئر کا مقصد طلبہ کو صنعت و تجارت کے ساتھ جوڑنا، ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بہتری لانا اور انہیں عملی دنیا کے لیے تیار کرنا اور انہیں روزگار کے مواقع فراہم کرنا تھا۔ اس اہم اقدام کو طلبا، فیکلٹی اور صنعتی ماہرین کی جانب سے سراہا گیا۔
ایمرسن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان نے بھی جاب فیئر کا دورہ کیا اور مختلف اسٹالز پر طلبہ سے ملاقات کی۔
اس موقع پر انہوں نے ڈائریکٹر ٹریننگ اینڈ انٹرنشپ ڈاکٹر محمد فاروق بزدار اور ان کی ٹیم کو کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر مبارک باد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ طلبہ کی بھرپور شرکت اور دلچسپی خوش آئند ہے، یونیورسٹی آئندہ بھی ایسے مواقع فراہم کرتی رہے گی تاکہ طلبہ کی فنی و عملی صلاحیتوں کو مزید نکھارا جا سکے اور تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ طالبات کو روزگار کے مواقع حاصل ہو سکیں۔