کسان اتحاد نے حکومت کو ملک بند کرنے کی دھمکی دے دی
چیئرمین کسان اتحاد خالد حسین باٹھ نے وفاقی حکومت کو مطالبات نہ ماننے پر پورا ملک بند کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں خالد حسین باٹھ نے کہا کہ امید ہے کل حکومت مطالبات مان کر نوٹی فکیشن جاری کر دے گی، حکومت کل ہر صورت ہمارے مطالبات پر نوٹی فکیشن جاری کرے۔
چیئرمین کسان اتحاد نے کہا کہ حکومت نے اگر بدنیتی سے کام لیا تو پورا ملک بند کر دیں گے، میری کال پر ملک بھر سے لاکھوں کسان اسلام آباد کا رخ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نوٹی فکیشن نہیں دیں گے تو آپ کے لیے اور ہمارے لیے بھی مسئلے ہیں۔
خیال رہے کہ کسانوں کا احتجاج پانچویں روز میں داخل ہو گیا ہے۔
کسانوں نے مطالبات کی منظوری کے لیے پیر تک کی ڈیڈ لائن دے دی۔
حکومت اور کسانوں کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے۔
گزشتہ روز مذاکرات میں بات چیت کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکی تھی۔
کسان اتحاد کا کہنا ہے کہ مطالبات منظور نہ ہوئے تو پارلیمنٹ کے سامنے دھرنا دیں گے، وفاقی حکومت کو کل تک کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کسان اتحاد نے پنجاب اور خیبر پختون خوا کے حوالے سے مطالبات نہ ماننے پر بنی گالہ کے باہر دھرنے کی بھی دھمکی دے دی۔